لندن (صباح نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا ہے کہ آرمی ایکٹ میں ترمیم کوئی غیر آئینی عمل نہیں۔ عدلیہ، فوج اور پارلیمنٹ کی طاقت ایک ساتھ چلنے میں ہے۔ سب کو ملکر پاکستان کے عوام کی غربت ختم کرنا ہوگی۔ لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ سپریم کورٹ نے چھ ماہ کے اندر پارلیمنٹ کو قانون سازی کا حکم دیا تھا۔ آرمی ایکٹ میں ترمیم کوئی غیر آئینی عمل نہیں۔ اس لئے بل کی غیر مشروط حمایت کی گئی۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عمران خان کی حکومت ماضی میں کئے گئے فیصلوں کی بھی نقل نہیں کرسکی۔ عمران خان کہتے تھے کہ ڈالر ایک روپیہ مہنگا ہو تو ملک کا قرض بڑھ جاتا ہے مگر ان کے دور حکومت میں قرض کہاں سے کہاں پہنچ گیا ہے۔