نیو کراچی میں پاور ہاؤس کے قریب ہائی روف وین اور رکشے میں آگ لگنے سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 8 ہو گئی ہے۔
محکمۂ صحت سندھ کے مطابق جاں بحق افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے، جن میں 5 بچے بھی شامل ہیں۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں 63 سالہ مجیب الرحمٰن، 50 سالہ نیلوفر، 35سالہ مہر النساء، 12 سالہ لائبہ، 20سالہ سفیان، 9سالہ طفیل، 7سالہ معاویہ اور ارسلان شامل ہیں جبکہ 45سالہ ناصر، 28سالہ جمال اور 12سالہ حفصہ زخمی ہیں۔
کراچی برنس سینٹر میں موجود 2 زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے، ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ دونوں افراد کے چہرے بری طرح جھلسے ہوئے ہیں، ایک شخص کا جسم 30 فیصد، دوسرے کا 85 فیصد جلا ہوا ہے۔
کراچی میں گزشتہ شب سرجانی ٹاؤن کی رہائشی فیملی پر قیامت ٹوٹ پڑی، جمعے کی رات نارتھ کراچی میں پاور ہاؤس چورنگی کے قریب ہائی روف میں شارٹ سرکٹ سے آگ لگ گئی جس کے بعد وہ اسٹاپ پر کھڑے 2 رکشوں سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں رکشوں میں بھی آگ لگ گئی تاہم رکشہ ڈرائیور محفوظ رہے۔
ہائی روف میں سرجانی ٹاؤن کے علاقے تیسر ٹاؤن کے رہائشی 3 سگے بھائیوں کی فیملی سوار تھی، ان میں خواتین اور بچوں سمیت 11 افراد شامل تھے، متاثرہ فیملی گلشن اقبال ضیاء الحق کالونی میں ہونے والی شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے جا رہی تھی۔
یہ بھی پڑھیئے: کراچی، وین میں آگ لگنے سے 6 افراد جاں بحق
ایس پی نیو کراچی نے جائے حادثہ پر بتایا کہ گاڑی کا سلنڈر محفوظ ہے، لگتا ہے کہ گاڑی میں آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی۔
بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق ایسا لگتا ہے کہ گاڑی کے اندر پیٹرول کی بوتل یا ڈرم رکھا ہوا تھا جس میں شارٹ سرکٹ کے بعد آگ لگی، گاڑی سے کوئی دھماکہ خیز مواد نہیں ملا ہے۔