• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

نیوکراچی، ہائی روف اور رکشے میں تصادم کے بعد آگ، 2 بچوں سمیت 6 افراد زندہ جل گئے

نیوکراچی، ہائی روف اور رکشے میں تصادم کے بعد آگ، 2 بچوں سمیت 6 افراد زندہ جل گئے


کراچی (اسٹاف رپورٹر) نیو کراچی دو منٹ چورنگی کے قریب ہائی روف اور رکشے میں تصادم کے بعد آگ سے جھلس کر بچوں اور خواتین سمیت 6 افراد جاں بحق اور 5 افراد شدید زخمی ہوگئے۔ عینی شاہدین کے مطابق گاڑی میں آگ لگی جس کے بعد وہ کھڑے رکشے سے جا ٹکرائی۔ 

تفصیلات کے مطابق بلال کالونی تھانے کی حدود نیو کراچی دو منٹ چورنگی کریلا اسٹاپ کے قریب جمعہ کی شب روڈ پر موجود ہائی روف میں اچانک آگ بھڑک اٹھی اور اس میں موجود لوگوں کی چیخ و پکار کی آوازیں آنی لگیں۔

عینی شاہدین کے مطابق ہائی روف میں پہلے آگ لگی جس کے بعد وہ قریب کھڑے رکشے سے جا ٹکرائی، اطلاع پر ریسکیو ادارے کی ایمبولینسیں اور پولیس موقع پر پہنچی اور جھلسی ہوئی حالت میں موجود لاشوں اور زخمیوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا۔

ایس ایس پی سنٹرل عارف اسلم راؤ کے مطابق دو سگے بھائیوں کی فیملی سرجانی تیسر ٹاؤن سے گلشن اقبال ضیا کالونی میں شادی کی تقریب میں جارہے تھے کہ اس دوران یہ حادثہ پیش آیا۔ 

عارف اسلم راؤ کے مطابق جھلس کر دو بچوں اور دو خواتینسمیت 6 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ حادثے میں پانچ افراد جھلس کر زخمی ہوئے ہیں جنھیں برنس وارڈ منتقل کر دیا گیاہے۔ 

پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کے بارے میں اب تک مختلف باتیں سامنے آئی ہیں، ابتدئی طور پر یہ بات سامنے آئی کہ گاڑی رکشے سے ٹکرائی اور اس کے بعد آگ لگی، رکشے میں پٹرول کی بوتل موجود تھی تاہم رکشہ ڈرائیور اور دیگر افراد نے بتایا کہ گاڑی جب آرہی تھی تو اس وقت سے ہی اس میں آگ لگی ہوئی تھی اور گاڑی کے شیشے بند تھے۔

جائے وقوعہ پر موجود افراد کا کہنا تھا کہ گاڑی کے اندر سے چیخنے کی آوازیں آ رہی تھیں، لوگوں نے وہاں پہلے اپنے طو رپر گاڑی میں مٹی ڈال کر آگ بجھانے کی کوشش کی تاہم آگ بہت زیادہ لگی ہوئی تھی۔

رکشہ ڈارئیور مراد نے بتایا کہ چلتی ہائی روف میں آگ لگتی ہوئی دیکھی جس کے بعد میں اپنے رکشے سے دور ہٹ کر کھڑا ہو گیا۔

جاں بحق افراد کی شناخت مہرالنسازوجہ ناصر اس کی بیٹی لائبہ ، اس کا بھائی 9 سالہ سفیان ، مجیب الرحمان اس کی اہلیہ نیلوفر اور ایک نامعلوم شامل ہے جبکہ زخمیوں میں دیدار، ارسلان، جمال ،حفضہ اورناصر شامل ہیں جنہیں طبی امداد ی جارہی ہے۔

حادثے کے شکار خاندان کے رشتے دار اسماعیل نے بتایا کہ ہائی روف میں ناصر اور اس کے بھائی مجیب الرحمان کی بیوی اور بچے سمیت 11افراد موجود تھے،تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ لاشیں جھلس گئی ہیں جس کی وجہ سے لاشوں کی شناخت میں مشکل کا سامنا ہے۔

بم ڈسپوزل یونٹ کے مطابق گاڑی میں موجود سلنڈر سلامت ہے،ایسا معلوم ہوتا ہے کہ گاڑی کے اندر پٹرول کی بوتل یا ڈرم رکھا ہوا تھا،بم ڈسپوزل کے مطابق گاڑی میں کسی دھماکہ خیز مواد یا کیمیکل کے شواہد نہیں ملے۔

رات گئے جھلس کر زخمی ہونےو الے تین بچوں 7سالہ ارسلان،12سالہ ارمان اور ایک بچی حفصہ کو این آئی سی ایچ جبکہ دو سگے بھائیوں جمال اور ناصر کو برنس وارڈ منتقل کیا گیا۔

تازہ ترین