وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ایران نے حادثاتی طور پر طیارہ گرانے کا اعتراف کیا ہے، اُمید ہے اس سے تشویش میں کمی آئے گی۔
ایک بیان میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان کا موقف ہے کہ خطہ مزید کسی کشیدگی یا لڑائی کا متحمل نہیں ہو سکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کشیدگی کم کرنے کے لیے کردار ادا کرتے رہیں گے۔
وزیر خارجہ نے یہ بھی کہا کہ وہ وزیر اعظم کی ہدایت پر ایران روانہ ہو رہے ہیں، سعودی عرب اور امریکا بھی جائیں گے۔
واضح رہے کہ ایران نے اعتراف کیا ہے کہ ایران میں گرنے والے یوکرین کا مسافر طیارہ میزائل کا نشانہ بن کر تباہ ہوا، ایران کی فوج نے غلطی سے یوکرین کے مسافر طیارے کو نشانہ بنایا۔
یاد رہے کہ رواں ماہ بدھ 8 جنوری کو یوکرین کا بوئنگ 737 طیارہ تہران کے قریب گر کر تباہ ہو ا تھا، جس میں سوار تمام 176 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
طیارہ تہران کے امام خمینی انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے ٹیک آف کے کچھ دیر بعد گر کر تباہ ہو گیا تھا۔
مسافر طیارہ تہران سے یوکرین کے دارالحکومت کیف جا رہا تھا، جس میں کینیڈا، ایران، سوئیڈ اور یوکرین کے شہری سوار تھے، طیارے میں 82 ایرانی اور 63 کینیڈین شہری سوار تھے۔