• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

عمران خان کے نہ نہ کرتے بھی این آر او ہو گیا، اعتزاز احسن

عمران خان کے نہ نہ کرتے بھی این آر او ہو گیا، اعتزاز احسن 


لاہور(نمائندہ جنگ، صباح نیوز ) پیپلزپارٹی کے رہنما اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ عمران خان کے نہ نہ کرتے بھی این آر او ہوگیا، ہم آرمی ایکٹ میں ترمیم کیلئے ووٹ دینے کے حق میں نہیں تھے، نوازشریف نے پھرتی دکھائی، ن لیگ کے ووٹ بیچ کر باہر چلے گئے، میاں نواز شریف نے 3 ارب کی دولت پر سمجھوتہ نہیں کیا اور اپنے 80 پارلیمنٹرین فروخت کرکے این آر او لے لیا۔

میاں نواز شریف پر پہلے دن ہی سے میں اعتماد نہیں کرتا، آرمی چیف کے پاس کوئی اختیار نہیں کہ وہ آئین کو معطل کرے، پاکستان کا ایران امریکا کشیدگی میں غیر جانبدار رہنا اچھا لیکن عمران خان کبھی بھی یوٹرن لے سکتے ہیں۔ 

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ’’تھنک فیسٹ‘‘ کے سیشن میں اظہار خیال اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ لاہور میں ’تھنک فیسٹ ‘ کے سیشن میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ایران اور امریکہ کی کشیدگی بارے نیوٹرل رہنا اچھا ہے تاہم عمران خان کسی بھی وقت یو ٹرن لے سکتے ہیں۔

اگر انہیں سعودیہ سے فون آگیا تو کچھ بھی ہو سکتا ہے بھارت میں سیٹزن ایکٹ کے خلاف بہت بڑا بحران جنم لے چکا ہے۔ بھارتی مسلمانوں کی بھارت میں بسنے والے غیر مسلموں نے بھی حمایت کی ہے اور یہ بین الاقوامی میڈیا میں بہت اہمیت اختیار کر چکا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں 6 ماہ سے کرفیو لگا کر نظام زندگی مفلوج کر رکھا ہے، تاہم اب بھار ت میں ہونیوالے احتجاج کے باعث کشمیر کا معاملہ بھی دوبارہ بین الاقوامی اہمیت حاصل کر گیا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں اعتزاز احسن نے کہا کہ ہمارے ملک میں کبھی سویلین بالادستی نہیں رہی ۔ یہاں ایک فوجی نے منتخب وزیر اعظم کو اس کے خاندان سمیت گرفتا ر کر لیتا ہے۔پھر خود ہی سب کو بیرون ملک بھجوا دیتا ہے اور اس کے راستے میں کوئی رکاوٹ بھی نہیں آتی۔ 

انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف نے غداری کی تھی۔ ایک منتخب وزیر اعظم کا حق ہے کہ وہ آرمی چیف کو برطرف کر سکتا ہے جبکہ آرمی چیف کے پاس وزیر اعظم کو ہٹانے کا اختیار نہیں ہے۔ پرویز مشرف نے مارشل لاء لگا کر غلط کیا۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ نواز شریف نے کوئی پیسہ واپس نہیں کرنا۔

انہوں نے کہا کہ وہ 1985ء سے نواز شریف پر اعتبار نہیں کرتے، آرمی ایکٹ میں ترمیم کیلئے میاں صاحب نے بہت زیادہ پھرتی دکھائی۔ 

اعتزاز احسن نے دعویٰ کیا ہے کہ نواز شریف نے اپنے 80 ووٹ جو ایم این ایز اور سینیٹرزپر مشتمل تھے ، وہ پیش کر دیئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم آرمی ایکٹ میں ترمیم کیلئے ووٹ دینے کے حق میں نہیں تھے۔

تازہ ترین