بلوچستان میں شدید برفباری اور بارشوں کے باعث 3 اضلاع میں انسداد پولیو مہم 2 روز کے لیے ملتوی کردی گئی ہے۔
صوبے بھر میں پولیو وائرس کے خطرے کے پیش نظر کل 13 جنوری سے انسداد پولیومہم شروع ہونا تھی، تاہم اب مستونگ، سبی اور ہرنائی میں پولیو مہم 2 روز کے لیے ملتوی کردی گئی ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق بلوچستان کے دیگر 6 اضلاع میں انسداد پولیو مہم کل سے شروع ہورہی ہے۔
ایمرجنسی آپریشن سینٹر برائے انسداد پولیو حکام کے مطابق صوبے کے 9 اضلاع مستونگ، قلات، بولان، ہرنائی، سبی، صحبت پور، جعفرآباد، نصیرآباد اور جھل مگسی میں انسدادپولیو کی خصوصی مہم 13 جنوری سے شروع ہونا تھی۔
ان 9 اضلاع میں مہم کےلیے 6 لاکھ سے زائد بچوں کو انسداد پولیو کی ویکسین پلانےکا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
تاہم شدید برف باری اور بارشوں کے باعث صوبے کے 3 اضلاع ہرنائی، سبی اور مستونگ میں یہ خصوصی مہم دو روز کے لیے ملتوی کردی گئی ہے۔
ان اضلاع میں یہ مہم 15 جنوری سے شروع ہوگی، بلوچستان میں گذشتہ سال پولیو کے 11 کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔