• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایشل نےخلیل الرحمٰن سے شادی کی خبروں کی تردید کردی

ایشل فیاض نے شادی کی خبروں کی تردید کردی


پاکستان شوبز انڈسٹر ی سے تعلق رکھنے والی اداکارہ ایشل فیاض نے اپنی اور مصنف خلیل الرحمٰن سے شادی کی خبروں کی تردید کردی۔

گزشتہ دِنوں سے اداکارہ ایشل فیاض اور معروف مصنف خلیل الرحمٰن کی شادی سے متعلق خبریں زیرِ گردش ہیں کہ انہوں نے اداکارہ ایشل فیاض سے دوسری شادی کرلی ہے۔

اِسی سلسلے میں اداکارہ ایشل فیاض کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں اُنہوں نےکہا کہ ’سوشل میڈیا پر میرے متعلق جو بھی خبریں چل رہی ہیں اُن میں کوئی سچائی نہیں ہے یہ سب جھوٹی ہیں۔‘

ایشل فیاض نے کہا کہ’میری کسی کے ساتھ بھی شادی نہیں ہوئی ہے میں غیر شادی شدہ ہوں۔‘ 

اُنہوں نے کہا کہ ’میرا اور خلیل الرحمٰن کا رشتہ صرف اور صرف ایک اداکارہ اور ڈائیریکٹر کاہے اِس سے زیادہ کچھ بھی نہیں۔‘

اداکارہ نے کہا کہ ’جس کسی نے بھی یہ جھوٹی خبر پھیلائی ہے اُن کو کسی نے بھی یہ حق نہیں دیا ہے کہ وہ تصدیق کیے بغیر ایسے کسی کی بھی ذاتی زندگی سے متعلق جھوٹی خبریں پھیلائے۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’میں ابھی بھی ڈراموں اور فلموں میں کام کر رہی ہوں اور میری جب بھی جس سے بھی شادی ہوگی سب سے پہلے آپ لوگوں کو ہی پتا چلے گا۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’ابھی تک میرا کسی سے بھی شادی کا کوئی ارادہ نہیں ہے میں صرف اپنے کام پر توجہ دے رہی ہوں۔‘

اُنہوں نے ویڈیو کے آخر میں کہا کہ ’میرا یہ ویڈیو بنانے کا مقصد صرف یہ ہے کہ لوگوں کو سچ اور جھوٹ کے بارے میں پتا چل جائے۔‘

اس سے قبل خلیل الرحمٰن نے بھی شادی کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بُک پر ایک پوسٹ شیئر کی تھی جس میں اُنہوں نے لکھا تھا کہ ’اُن کی فلم ’کاف گنگنا‘ کی ہیروئن سے اُن کی دوسری شادی سے متعلق خبریں بے بنیاد اور من گھڑت افواہیں ہیں۔‘

اُنہوں نے لکھا تھا کہ ’اِس طرح ہم فنکاروں کی ذاتی زندگی سے متعلق جھوٹی خبریں پھیلانا شرم کی بات ہے۔‘ 

اُنہوں نے مزید لکھا تھا کہ ’میں نے اور ایشل فیاض نےکافی پیشہ ورانہ انداز میں پروجیکٹ کو مکمل کرنے کے لیے ایک ساتھ کام کیا ہے۔‘

تازہ ترین