ملتان (اسپورٹس ڈیسک) گھر کے شیر گھر میں ہی ڈھیر ہوگئے، آسٹریلیا نے بھارت کو پہلے ایک روزہ میچ میں عبرت کا نمونہ بنادیا ، پہلے کینگرو بولنگ لائن نے بیٹنگ لائن کی دھجیاں اڑائیں اور پھر اوپنرز نے تنہا بھارتی بولنگ کا بھرکس نکالتے ہوئے 10 وکٹ کی تاریخی کامیابی اپنے نام کرکے سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔ ممبئی میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا اور پوری ٹیم 49.1 اورز میں 255 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ شیکھر دھون 74 رنز بناکر نمایاں رہے جبکہ روہت شرما 10، لوکیش راہول 47، ویرات کوہلی 16، رشابھ پنت 28، رویندرا جدیجہ 25، شردل ٹھاکر 13 اور کلدیپ یادیو نے 17 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے 10 اوورز میں 56 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ پیٹ کمنز اور رچرڈسن نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جواب میں ایرون فنچ اور ڈیوڈ وارنر نے بھارتی بولرز کا جلوس نکال دیا دونوں نے 38ویں اوور میں اسکور پورا کرکے 10 وکٹ کی کامیابی درج کروالی ، فنچ 110 اور وارنر 128 پر ناقابل شکست رہے۔ یہ وارنر کی 18 ویں سنچری تھی وہ مارک وا کے ساتھ مشترکہ طور پر زیادہ سنچریز بنانے والے رکی پونٹنگ کی 29 سنچریز کے بعد دوسرے آسٹریلوی بیٹسمین بن گئے۔