• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بنگلادیش کیخلاف ٹی20 سیریز سے کئی بڑے نام باہر

بنگلادیش کیخلاف ٹی20 سیریز سے کئی بڑے نام باہر


بنگلادیش کے خلاف ٹی20 ہوم سیریز کیلئے ٹیم پاکستان سے کئی بڑے نام نکال دیے گئے ۔ لیفٹ آرم فاسٹ بولرز محمد عامر اور وہاب ریاض کو اسکواڈ میں جگہ نہیں مل سکی۔

نئے سال میں ٹوئنٹی ٹوئنٹی کے بڑے بڑے کرکٹرز قومی ٹیم میں جگہ نہ بناسکے۔

بنگلا دیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) میں دھوم مچانے والے محمد عامر حیرت انگیز طور پر بنگلادیش کے خلاف ٹی 20 سیریز کے لیے قومی ٹیم میں جگہ برقرار نہ رکھ پائے۔

بی پی ایل میں کھلنا ٹائیگر کی طرف سے کھیلتے ہوئے محمد عامر نے الیمینیٹرمیچ میں راجشاہی رائلز کے خلاف صرف 17رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کی تھیں، انہوں نے حریف ٹیم کے ٹاپ فائیو بیٹسمینوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

آخری دس میچز میں صرف سات وکٹیں لینے والے وہاب ریاض کو بھی ٹیم سے باہر کردیا گیا۔

امام الحق اور فخر زمان کی بائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والی اوپننگ جوڑی بھی ٹوٹ پھوٹ گئی، امام الحق پرفارمنس کی بنیاد پر آوٹ ہوئے تو فخر زمان کی فٹنس ان کے ٹیم سے باہر ہونے کی وجہ بنی۔

آسٹریلیا میں تین ٹی ٹوئنٹی میں صرف 18رنز بنانے والے حارث سہیل کو بھی باہر کردیا گیا، جبکہ آصف علی بھی ٹیم میں جگہ برقرار نہ رکھ سکے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بنگلادیش کے خلاف ٹی20 سیریز کے لیے ٹیم کا اعلان کردیا ہے، بابر اعظم ٹیم کی قیادت کریں گے۔

ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں میں احسان علی، عماد بٹ، حارث رؤف، افتخار احمد، عماد وسیم، خوشدل شاہ، محمد حفیظ، محمد حسنین، محمد رضوان، موسیٰ خان، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، شعیب ملک، عثمان قادر شامل ہیں۔

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تین ٹی20 میچز کی سیریز کے تمام میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔

پہلا میچ جمعہ 24 جنوری، دوسرا ہفتہ 25 جنوری اور تیسرا اور آخری میچ پیر 27 جنوری کو کھیلا جائے گا۔

تازہ ترین