• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بسمعہ کی ففٹی، چیلنجرزکوخواتین ٹی 20چیمپئن بنادیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پی سی بی چیلنجرز نےپی سی بی بلاسٹرز کو 6 وکٹوں سےشکست دے کر پی سی بی قومی خواتین ٹرائی اینگولر ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ جیت لیا، فاتح ٹیم کی کامیابی میں کپتان بسمعہ معروف کی شاندار نصف سنچری نے اہم کرادار ادا کیا۔ فاتح ٹیم نے ٹرافی کے ساتھ 5 لاکھ روپے کا انعام حاصل کیا جبکہ رنگ ٹیم کو3 لاکھ روپے انعام دیے گئے۔ سابق ٹیسٹ کپتان ظہیر عباس نے انعامات تقسیم کیے۔ جمعرات کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں فائنل میں پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ خواتین کے درمیان فلڈ لائٹ میچ کھیلا گیا۔ یہ ٹور نامنٹ اگلے ماہ آسٹریلیا میں ہونے والے آئی سی سی خواتین ورلڈ کپ کی تیاریوں کا حصہ تھا، فائنل میں پی سی بی بلاسٹرز نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں7 وکٹوں پر 128 رنز اسکور کیے، جویریہ خان 35 گیندوں پر 5 چوکوں اور2 چھکوں کی مدد سے 43 رنز بنا کر نمایاں رہیں، سدرہ نواز نے 16 گیندوں پر 20 رنزاسکور کئے۔ حورنا سجاد 14، نتالیا پرویز 13، عائشہ نسیم 11، عائشہ ریاض 10 رنز بنا سکیں۔ ماہم طارق 7اور رامین شمیم 2 رنز بنائے، صبا نذیر نے2 جبکہ ایمن انور، فاطمہ ثنا اور سعدیہ اقبال نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں چیلنجرز کو ہدف کے حصول میں سخت مزاحمت اور چیلنج کا سامنا کرنا پڑا۔19 ویں اووز کی 5 ویں گیند پر 4 وکٹیں کرنے کے بعد فتح ملی۔ کپتان بسمعہ معروف نے نصف سنچری اسکور کی۔ انہوں نے آؤٹ ہوئے بغیر 45 گیندوں پر 53 رنز اسکور کیے جس میں شاندار 5 چوکے بھی شامل تھے۔ ندا ڈار نے 24 گیندوں پر4 چوکوں کی مدد سے 30 رنز بنائے، عائشہ ظفر 13اور منیبہ علی 10 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔ رامین شمیم نے 2 جبکہ نتالیہ اور انعم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
تازہ ترین