کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ حکومت کا قدم ، عوام پیدائش ، موت، شادی اور طلاق کے نادرا سے سرٹیفکیٹ اسی روز آن لائن یونین کونسل سے حاصل کر سکیں گے۔
نادرا کے ساتھ معاہدہ، سیکریٹری بلدیات روشن علی شیخ اور ڈائریکٹر جنرل نادرا سندھ میر عجم خان درانی نے معاہدے پر دستخط کیئے، وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت کا عوام کیلئے ایک بڑا قدم ہے۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے سندھ سیکریٹریٹ میں اپنے دفتر میں مقامی حکومت سندھ اور نادرا کے مابین اس حوالے سے ایم او یو سائن کی تقریب کے موقع پر اپنے خطاب میں کیا۔
معاہدے پر دستخط سیکریٹری بلدیات روشن علی شیخ اور ڈائریکٹر جنرل نادرا سندھ میر عجم خان درانی نے کیئے جبکہ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل (سی آر ایم ایس) ، نادرا ہیڈ کوارٹر اسلام آباد محترمہ فضاء شاہد، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈپارٹمنٹ (پی ایم ای سی) فاروق صدیقی اور صوبائی فوکل پرسن نادرا کفایت علی میرانی بھی موجود تھے۔
وزیر بلدیات نے اس موقع پر کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن اور وزیراعلیٰ سندھ کی عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات اور لوگوں کی زندگی میں بہتری لانے کے حوالے سے یہ ایک قدم ہے ۔