• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

10غیر قانونی ہائوسنگ سوسائٹیوں کے دفاتر سربمہر اور مسمار

راولپنڈی(اپنے رپورٹر سے، اپنے نامہ نگار سے)کمشنر راولپنڈی ڈویژن کیپٹن ریٹائرڈ محمد محمود کی سربراہی میں ضلع اٹک اور راولپنڈی میں غیر قانونی ہائوسنگ سوسائٹیوں کے خلاف آپریشن کے دوسرے مرحلے میں اٹک میں چار اور راولپنڈی میں 6ہائوسنگ سوسائیٹیوں کے دفاتر کو سربمہر اور مسمار کر دیا کیا گیا۔کمشنر راولپنڈی محمد محمود نے بتایا کہ اٹک میں ڈپٹی کمشنر اٹک علی عنان قمر کی قیادت میں نیو ائر پورٹ فتح جنگ کے علاقے میں بننے والی چار ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے دفاتر کو مسمار کرکے سامان قبضہ میں لے لیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر محسن اقبال اور میونسپل افسر عبدالسلام عباسی کی زیر نگرانی انسپکٹروں اور اہلکاروں پر مشتمل ٹیم نے نیو ائیر پورٹ کے ممنوعہ علاقے میں بننے والی چارغیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں الفیصل انکلیو،ائیر پورٹ انکلیو،مے فیئر اور ہائی لینڈ سوسائٹیوں کے تشہیری بورڈ گرادیئے اور دفاترکو مسمار کرکے سامان قبضہ میں لے لیا ۔انہوں نے بتایا کہ راولپنڈی میں اڈیالہ روڈ پر محکمہ مال راولپنڈی،آر ڈی اے اور دیگر محکموں کی ٹیموں نے کارروائی کرتے ہوئے آباد پرل ولاز،اے سی ایچ ایس سیکٹر،مریم گرین سٹی،روز ویلی،روڈن انکلیو اور اسلام آباد فارم ہائوسز فیزٹو کے خلاف کارروائی کی ۔انہوں نے بتایا کہ مزید بارہ غیر قانونی ہائوسنگ سو سائٹیوں کی نشاندہی کے بعد ان کے خلاف آپریشن کی تیاریاں جاری ہیں۔ اپنے نامہ نگار کے مطابقآرڈی اے نے اڈیالہ روڈ پر6 مبینہ غیرقانونی ہائوسنگ سوسائٹیز کیخلاف آپریشنکرتے ہوئے 16بل بورڈز، مین سائٹ آفسز ، 6زیرتعمیر گھروں کی چاردیواری اور 15بجلی کے پول گرا دیئے۔ آپریشن میں بھاری مشینری کا استعمال کیا گیا۔ جمعرات کو ڈائریکٹر ایم پی اینڈ ٹی ای طاہر میو کی نگرانی میں عملہ نے آباد پرل ولاز ، مریم گرین سٹی، اسلام آباد فارمز ، گارڈن انکلیو اور اے سی ایچ ایس کیخلاف آپریشن کیا جس میں ان سوسائٹیز کے دفاتر مسمار کر دیئے گئے ، گلشن آباد سیکٹر فور میں آباد پرل ولاز موضع کلری کا سائٹ آفس اور چار ایڈورٹائزنگ بورڈ گرائے گئے۔ مریم گرین سٹی داہگل کا اڈیالہ روڈ سے راستہ بند کر دیا گیا۔روز ویلی اڈیالہ کا راستہ بھی مین روڈ سے بند کر دیا گیا، گارڈن انکلیو ڈھلہ کا سائٹ آفس بھی مسمار کر دیا گیا۔
تازہ ترین