پاکستان سپر لیگ کی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، پاکستان کے سب سے بڑے میڈیا گروپ جنگ گروپ کی پارٹنر بن گئی۔ جنگ گروپ، پی ایس ایل 2020 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا میڈیا پارٹنر ہوگا۔
پاکستان سپر لیگ کی دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور جنگ گروپ کے درمیان معاہدے پر دستخط کراچی میں ہوئے، گروپ مینجنگ ڈائریکٹر سرمد علی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر نے معاہدے پر دستخط کئے۔
پاکستان سپر لیگ سیزن فائیو 20 فروری سے 22 مارچ تک تمام 34 میچز ملک کے چار اسٹیڈیمز میں کھیلے جائیں گے۔
سرفراز احمد کی قیادت میں کھیلنے والی کوئٹہ گلیڈ ی ایٹرز کی ٹیم ایونٹ میں اعزاز کا دفاع کرے گی۔
پی ایس ایل 2020 کا افتتاحی میچ دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور دو مرتبہ کی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیموں کے درمیان نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔ لیگ کے پانچویں ایڈیشن کا فائنل 22 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوگا۔
ایونٹ کا واحد کوالیفائر نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا جبکہ دونوں ایلیمنٹرز اور فائنل کی میزبانی قذافی اسٹیڈیم لاہور کے سپرد کی گئی ہے۔
34 میچوں پر مشتمل ایونٹ کے 14 میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور، 9 نیشنل اسٹیڈیم کراچی، 8 پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی اور 3 ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔
دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اپنے 4 میچز کراچی، 3 لاہور، 2 راولپنڈی اور ایک ملتان میں کھیلے گی۔
لاہور قلندرز اپنے 8 میچز لاہور جبکہ ایک، ایک کراچی اور راولپنڈی میں کھیلے گی۔
پشاور زلمی آئندہ ایڈیشن میں اپنے 5 میچز راولپنڈی، 3 کراچی جبکہ ایک، ایک میچ لاہور اور ملتان میں کھیلے گی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ اپنے 5 میچز راولپنڈی، 3 لاہور اور 2 کراچی میں کھیلے گی۔
ملتان سلطانز اپنے 5 میچز لاہور، 3 ملتان جبکہ ایک، ایک میچ راولپنڈی اور کراچی میں کھیلے گی۔
کراچی کنگز اپنے 5 میچز کراچی، 2 ،2 لاہور اور راولپنڈی جبکہ ایک ملتان میں کھیلے گی۔