کراچی (اسٹاف رپورٹر) قومی ادارہ برائے امراض خون (این آئی بی ڈی )میں خون کی بیماریوں اور بون میرو ٹرانسپلانٹ کے100 سے زائد پروفیشنلز کی ٹریننگ مکمل ہونے پر ادارے کی پہلی تقریب تقسیم اسناد منعقد کی گئی ۔ جس کے مہمان خصوصی جناح سندھ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر طارق رفیع اور لیاقت یونیورسٹی آف ہیلتھ اور میڈیکل سائنسز کے وائس چانسلر پروفیسر بھیکا رام تھے۔ اس موقع پر ادارے کے میڈیکل ڈائریکٹر پروفیسر طاہر سلطان شمسی ودیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے خون کی بیماریوں کے علاج کی تربیت مکمل کرنے والے اسکالرز میں اسناد تقسیم کیں۔ اس تربیت کے بعد ان اسکالرز نے ایف سی پی ایس اور پی ایچ ڈی کی ڈگریاں حاصل کیں۔ این آئی بی ڈی کراچی نے پچھلے بیس سالوں میں خون کی بیماریوں اور بون میرو ٹرانسپلانٹ کے100 سے زیادہ ماہرین کی تربیت کی جو مُلک کے اندر اور غیر ممالک میں خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔ ان ماہرین میں ڈاکٹرز، سائنٹسٹ، فارماسسٹ، بی ایم ٹی نرس اسپیشلسٹ اور لیباریٹری ٹیکنالوجسٹ شامل ہیں۔ مہما نِ خصوصی نے اپنے خطاب میں کہا کہ این آئی بی ڈی افراد کی تیاری میں ایک غیر معمولی کردار ادا کررہا ہے اور اسکے سائنٹسٹ نے اعلیٰ معیار کی ریسرچ ورک کو ملکی اور بین الاقوامی سطح پر منوایا اور مختلف اعزازات حاصل کرکے پاکستان کا نام روشن کیا۔ انھوں نے امید ظاہر کی کہ ادارے سے وابستہ افراد مستقبل میں بھی اپنے کام کو آگے بڑھاتے رہینگےاین آئی بی ڈی کے سربراہ نے اپنے ادارے کے وژن پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ با مقصد تعلیم کے ساتھ تربیت اور تحقیق آج کے دور میں پاکستان کیلئے انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ادارے سے تربیت یافتہ افراد200 سے زیادہ تحقیقی مقالے بین الاقوامی جریدوں میں شائع کرچکے ہیں اور پورے ملک اور بیرونِ ملک اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھا رہے ہیں۔ انہوں این آئی بی ڈی کی فیکلٹی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔