لاہور(نیوزرپورٹر ) احتساب عدالت لاہور کے جج امجد نذیرنے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمد شہباز شریف کی آشیانہ ہائوسنگ سکینڈل اور رمضان شوگر ملز کیس میں حاضری سے مستقل استثنیٰ کی درخواست تاحکم ثانی منظور کرلی۔
عدالت نے درخواست پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف کی غیر موجودگی میں ان کے خلاف ٹرائل جاری رہے گا۔ احتساب عدالت میں شہباز شریف کے خاندان کے اثاثے منجمد کرنے کے خلاف درخواست کی سماعت بھی ہوئی۔
ان کے وکیل امجد پرویز نے موقف اختیار کیا کہ عدالت نے 9 کمپنیوں اور دیگر اثاثہ جات کو منجمد کرنے کا حکم دیا ہے جبکہ خواتین اور کمپنیاں اس کیس میں ملزم نہیں ہیں ،ان کے خلاف کوئی تحقیقات بھی نہیں ہو رہیں۔
اثاثے منجمد کرنے کا حکم واپس لیا جائے۔جس پر عدالت نے نیب کے تفتیشی افسر کو ریکارڈ سمیت طلب کرتے ہوئے سماعت 31 جنوری تک ملتوی کردی۔