اسلام آباد( خصوصی نمائندہ) قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہاہے کہ سلامتی کونسل نے مسئلہ کشمیردوسری مرتبہ زندہ کردیاہے ، حکومت پاکستان ایران وسعودیہ میں افہام وتفہیم کی کوششوں کی طرح اس خطے میں قیام امن کیلئے مسئلہ کشمیرکوترجیح دیتے ہوئے حکومتی واپوزیشن ارکان پرمشتمل نمائندہ وفود بیرونی ممالک بھجوائے۔ بغداد پرامریکی یلغار درحقیقت مسئلہ کشمیروفلسطین سے توجہ ہٹانااور بھارت واسرائیل کوتقویت پہنچاناہے۔ حضرت فاطمہؓ زہرادنیائے نسوانیت کی عظیم المرتبت مثالی خاتون ہیں ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے ٹی این ایف جے خیبر پختونخوا کے عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر انہوں نے شہادت خاتون جنت حضرت فاطمہؓ زہراکی مناسبت سے 23جمادی الاول تا3جمادی الثا نی عشرہ عزائے فاطمیہ منانے کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے کہاکہ جب جب پاکستان نے دفاعی میدان میں کامیابی حاصل کی یادیگرممالک سے معاہدے کیے توہمیں امریکہ کی طرف سے پابندیوں کاسامناکرناپڑاجبکہ ہماری جمہوری ، عسکری حکومتوں نے ہمیشہ امریکی پالیسیوں کوترحیج دی ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں دم توڑتی دہشتگردی آخری سانس لے رہی ہے جس کی وجہ سے روس ،افغانستان اورسعودیہ سمیت بہت سے ممالک سی پیک منصوبے میں حصہ لے رہے ہیں ۔ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی نے کہاکہ چین ہماراقریب ترین دوست اوربڑی طاقت ہے جواپنی امن پالیسیوں سے خطے کے حالات بدلنے میں اہم کرداراداکررہاہے ۔انہوں نے کہاکہ مشرق وسطی کے سب سے بڑے مسئلہ فلسطین کی طرح جنوبی ایشیاکاسب سے بڑامسئلہ کشمیرہے جہاں کشمیریوں کی قربانیاں آہستہ آہستہ رنگ لارہی ہیں اورکشمیرمیں آزادی کاسورج جلدوضرورطلوع ہوگا۔