ایف بی آر نے سگریٹ کی غیرقانونی تجارت کےخلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کرتے ہوئے نوٹس جاری کیا ہے کہ ریٹیلرز، سگریٹ ساز فیکٹریاں، ڈسٹری بیوٹر، ہول سیلر اور دکاندار غیر قانونی سگریٹ کی تجارت بند کر دیں۔
ایف بی آران لینڈ ریونیو انفورسمنٹ نیٹ ورک کی جانب سے ملک بھر کے ریٹیلرز کو نوٹس میں کہا گیا ہے کہ غیرقانونی سگریٹ کی تجارت بند کی جائے۔
نوٹس کے مطابق سگریٹ کے ہر پیکٹ پر حکومت کی مجوزہ تصویری اور تحریری ہیلتھ وارننگ شائع کرنا لازمی ہے۔
ایف بی آر کے ترجمان کے مطابق فنانس ایکٹ 2019ء کے تحت سگریٹ پیکٹ کی کم از کم قیمت 63 روپے مقرر ہے اس سے کم قیمت پر سگریٹ فروخت کرنے والے دکاندار کو 20 ہزار روپے تک جرمانہ ہوگا جبکہ جعلی سگریٹوں کی فروخت میں ملوث افراد کو ایک لاکھ جرمانہ، 5سال قیدکی سزا ہوگی ۔
ایف بی آر کا مزید کہنا تھا کہ جعلی اور غیرقانونی سگریٹوں کی نقل وحمل میں ملوث گاڑی بھی ضبط کرلی جائے گی۔