• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

شہباز کو ڈیوڈ روز کے آرٹیکل کا جواب دینا چاہئے،حسن نثار

شہباز کو ڈیوڈ روز کے آرٹیکل کاجواب دینا چاہئے،حسن نثار


کراچی(ٹی وی رپورٹ) سینئر تجزیہ کار حسن نثار نے کہا ہے کہ عمران خان کو کیسے پتا کہ عثمان بزدار وسیم اکرم پلس ہے، عثمان بزدار کو تو پی ٹی آئی میں جمعہ جمعہ آٹھ دن ہوئے ہیں، شہباز شریف کو ڈیوڈ روز کے آرٹیکل کاجواب دینا چاہئے، پی ٹی آئی آج تک لوگوں کو نہیں بتاسکی کہ اقتدار میں آئی تو پاکستان کہاں کھڑا تھا۔

وہ جیو نیوز کے پروگرام ”میرے مطابق“ میں میزبان شجعیہ نیازی سے گفتگو کررہے تھے۔ 

آٹے کے حالیہ بحران پر حسن نثار نے کہا کہ ایوب کے زمانے میں حبیب جالب نے لکھا تھا کہ بیس روپے من آٹا اس پر بھی ہے سناٹاصدر ایوب زندہ باد۔آج آٹا 70روپے کلو ہو گیا ہے یہ ہے وہ ترقی جو ہم نے کی ہے، پاکستان میں صرف آبادی اور مہنگائی ہی پھلی پھولی ہے، یہاں غریبوں کیلئے دو چپڑی ہوئی روٹیاں عیاشی کی انتہا ہے، بلاول کا الزام فضول ہے کہ عمران خان نے دوستوں کیلئے کو نواز نے کیلئے آٹے کا بحران پیدا کیا۔ 

حکومت کے اتحادیوں کی ناراضی پر حسن نثار کا کہنا تھا کہ عمران خان کو کیسے پتا کہ عثمان بزدار وسیم اکرم پلس ہے، عثمان بزدار کو تو پی ٹی آئی میں جمعہ جمعہ آٹھ دن ہوئے ہیں۔

عمران خان عثمان بزدار سے متعلق اعتراضات کو مسترد کرتا رہے ہم بھی اس اپروچ کو مسترد کرتے رہیں گے، مان لینا چاہئے کہ اتحادیوں کی ناراضی پی ٹی آئی کی ناکامی ہے،حکومت کو اتحادیوں کو منا کر ہر صورت اپنی مدت پوری کرنی چاہئے۔

ن لیگ نے منصوبے کے تحت مونس الٰہی کو متنازع کرنے کوشش کی کیونکہ چوہدری خاندان میں صرف اسے سیاست سے دلچسپی ہے، چوہدری خاندان ان کی طرح وارداتیوں کا خاندان نہیں ہے۔

حسن نثار نے کہا کہ عمران خان کی غلط فہمی ہے کہ قبر میں سکون ہے، مجھے کوئی قبر سے اٹھ کرآ کر بتاتا ہے کہ وہاں سکون ہے تب ہی میں مانوں گا ورنہ میں نہیں مانتا۔

حسن نثار کا کہنا تھا کہ شہباز شریف پی ٹی آئی حکومت پر تنقید کرتے بھول جاتے ہیں کہ انہوں نے ملک کا سیاسی کلچر برباد کر کے رکھ دیا، شہباز شریف کو ڈیوڈ روز کے آرٹیکل کاجواب دینا چاہئے، پی ٹی آئی آج تک لوگوں کو نہیں بتاسکی کہ اقتدار میں آئی تو پاکستان کہاں کھڑا تھا۔

تازہ ترین