• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گجرات میں برطانوی بہنوں کی ہلاکت کا سبب دم گھٹنا تھا، پوسٹمارٹم رپورٹ

ہیلی فیکس (زاہد انور مرزا) برطانیہ سے پاکستان جانے والی دو بہنوں کی اچانک ہلاکت کے بعد اب پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی۔ تفصیلات کے مطابق لندن سے پاکستان کے علاقے گجرات (دولت نگر) جانے والی دو بہنیں پراسرار طور پر باتھ روم میں مردہ پائی گئی تھیں۔ مقامی پولیس کے مطابق 18سالہ نادیہ اور 25 سالہ ماریہ باتھ روم میں مردہ پائی گئی تھیں۔ واضح رہے کہ دونوں بہنیں 10روز قبل لندن سے پاکستان آئی تھیں۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق دونوں کی موت گیس لیکیج سے دم گھٹنے کے باعث واقع ہوئی جبکہ خواتین کے اہل خانہ نے بھی موت کی وجہ گیس لیکیج کو ہی قرار دیا تھا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق دونوں خواتین کی پوسٹ مارٹم رپورٹ پولیس کو وصول ہوگئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق دونوں بہنوں کی موت کی وجہ دم گھٹنا ہی بتایا گیا ہے۔ ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ لاشوں کو موت کے تقریباً26گھنٹوں کے بعد ہسپتال لایا گیا۔ دونوں خواتین کے جسم پر کوئی نشان نہیں ملا اور نہ ہی جسم پر کوئی سوجن یا خراش کا نشان ملا۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں دونوں بہنوں کی موت کی وجہ کو دم گھٹنے قرار دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ معدے، دل اور جسم میں زہر کے اثرات دکھائی نہیں دیئے۔

تازہ ترین