• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اغواء برائے تاوان، قتل کے مقدمات،6 ملزمان کو قید و جرمانہ کی سزا

کراچی (اسٹاف رپورٹر)انسداد دہشت گردی کی عدالت نے25سالہ نوجوان کے اغواء برائے تاوان اور دہشت گردوں کی مالی معاونت کا الزام ثابت ہونے پر چار ملزمان مختار احمد، نعیم،روح اللہ اور علی اکبرکو مجموعی طور پر دو بار عمر قید کا حکم دیا ہے،عدالت نے محکمہ داخلہ اور آئی جی سندھ کو بھی میکینزم بنانے کا حکم دے دیا ہے، عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ مغوی اور اس کے اہلخانہ کو اغواکاروں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ، ایک لائحہ عمل بنایا جائے جس میں مغویوں کی بازیابی کےلئے ایڈوانس فنڈ موجود ہو،کوئی جان تاوان کی عدم ادائیگی پر نہ جاسکے اور مغویوں کی زندگی کو بچایا جاسکے، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے 7فروری 2018کو 25سالہ راحیل کو گلستان جوہر سے اغواء کیا ،مغوی کی رہائی کےلئےافغانستان سے فون کرکے 35کروڑ تاوان طلب کیا،مغوی کے والد نور عالم نے ڈیڑھ کروڑ تاوان کی رقم حوالہ کے ذریعے افغانستان منتقل کی ،مغوی کو رقم ملنے کے تین ماہ 25دن بعد رہا کیا گیا،مذکورہ رقم کالعدم داعش کو دی گئی،رقم ملک میں دہشتگردی کےلئے استعمال کی گئی،عدالت نے ملزمان کو معالی معاونت اور حبس بے جا میں رکھنے کے الزام میں بھی مزید 9سال قید کا حکم دیا ہے،علاوہ ازیں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ماڈل کورٹ جنوبی نے شہریار قتل کیس میں پولیس کانسٹیبل ملزم الطاف حمزہ کو الزام ثابت ہونے پر عمر قید کی سزا سنائی ہے، عدالت نے ملزم کو مقتول شہریار کے ورثا کو پانچ لاکھ روپے ہرجانہ ادا کرنیکا بھی حکم دیا ہے عدم ادائیگی پر ملزم کو مزید چھ ماہ قید بھگتنا ہوگی،ملزم کا جیل میں گزرا ہوا عرصہ سزا میں شمار ہوگا،جبکہ عدالت نے دوسرے ملزم مدثر کو عدم ثبوت پر بری کردیا،دریں اثنا ماڈل کرمنل ٹرائل کورٹ کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شرقی حلیم احمد نے دہرےقتل کیس میں نامزد ملزم فیضان علی کو الزام ثابت ہونے پر دوبار عمرقید اور مقتولین کے ورثا کو فی کس دو لاکھ روپے ہرجانہ ادا کرنیکا حکم دیا ہے،عدم ادائیگی پر ملزم کو مزید چھ ماہ قید کی سزا بھگتنا ہوگی، استغاثہ کے مطابق ملزم نے نامعلوم وجوہات کی بنا پر مقتولین دلاور اور دلدار کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا تھا، عدالت نے ملزم کو غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے الزام میں پانچ سال قید اور بیس ہزار روپے جرمانہ عائد کیا ہے۔ جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں ملزم کو مزید چھ ماہ قید کی سزا بھگتنا ہوگی۔

تازہ ترین