اسلام آباد ( جنگ نیوز) راولپنڈی اسلام آباد کسٹم کلئیرنگ ایجنٹس ایسوسی ایشن نے اپنے مطالبات کے حق میں آج بدھ کو ہڑتال کا اعلان کردیا ۔ ایسویسی ایشن کے جنرل سیکرٹری فاروق جنجوعہ، کاشف ریاض،اظہر یعقوب اوردیگر عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ہڑتال کے دوران بیرون ملک کوئی چیز اسلام آباد ہوائی اڈے سے برآمد(ایکسپورٹ) نہیں ہوگی اور کوئی ایجنٹ کسٹم کلئیرنگ کے عمل میں بطور احتجاج شامل نہیں ہوگا۔ ایسوسی ایشن کی ایکسپورٹ کمیٹی کے عہدیداروں نے کہاکہ کسٹم کلئیرنگ ایجنٹس کی مسلسل شکایات موصول ہورہی ہیں ان کے بیرون ملک مال بھجوانے کے سلسلے میں ان کے ساتھ غیرمعمولی سختی اور ناانصافی کا رویہ اختیارکیاجارہا ہےجس سے پہلے سے مشکل کاروباری حالات میں مزید مشکلات پیدا ہورہی ہیں۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ حکام بالا کی توجہ اس جانب متعدد بار مبذول کرائی گئی لیکن اصلاح احوال نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہاکہ ایسوسی ایشن کے فیصلے کے مطابق بدھ کو اسلام آباد ہوائی اڈے پر یہ احتجاجی ہڑتال کی جارہی ہے۔ انہوں نے اپیل کی کہ حکام بالا صورتحال کی بہتری کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔