• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انڈر۔19 ورلڈ کپ: پاکستان نے زمبابوے کو 38 رنز سے ہرادیا

انڈر۔19 ورلڈ کپ: پاکستان نے زمبابوے کو 38 رنز سے ہرادیا


آئی سی سی انڈر۔19 کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان نے زمبابوے کو سخت مقابلے کے بعد 38 رنز سے ہراکر ایونٹ کے اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

پوشیف اسٹروم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 9 وکٹ پر 294 رنز اسکور کئے۔

محمد حارث نے 48 گیندوں پر 6 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 81 رنز بنائے، قاسم اکرم 54 اور فہد منیر 53 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

زمبابوے کی جانب سے ڈیلان گرانٹ تین وکٹیں حاصل کرکے سب سے کامیاب بولر رہے۔

ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کے اوپنرز نے 65 رنز بناکر ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا، ویسلے مدھیوار 53 اور ایمانوئل باوا نے 20 رنز بنائے۔

36 ویں اوور میں 39 رنز بنانے والے کپتان ڈیون میئرز کی وکٹ گرنے کے بعد زمبابوے کی ٹیم سنبھل نہ سکی، ملٹن شمبا نے 58 رنز کے ساتھ مزاحمت کی لیکن وہ ٹیم کو فتح نہ دلاسکے۔

ملٹن کے آؤٹ ہونے کے بعد کوئی بھی بیٹسمین پاکستانی بولرز کو جم کر نہ کھیل سکا اور زمبابوے کی ٹیم 47 ویں اوور میں 256 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، یوں پاکستان نے حریف ٹیم کو شکست سے دوچار کیا بلکہ سپر لیگ کوارٹر فائنل راؤنڈ کے لیے بھی کوالیفائی کرلیا۔

طاہر حسین اور عباس آفریدی نے 3،3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ عامر علی اور قاسم اکرم نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

عمدہ بیٹنگ پرفارمنس پر محمد حارث کو ’پلیئر آف دی میچ‘ قراردیا گیا۔

پاکستان انڈر۔19 ٹیم اپنا تیسرا میچ جمعہ کو بنگلادیش کے خلاف کھیلے گی۔

آج کھیلے گئے دیگر میچز میں جنوبی افریقا نے کینیڈا کو 150 رنز ، افغانستان نے متحدہ عرب امارات کو 160 رنز اور نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو 3 وکٹ سے شکست دی۔

تازہ ترین