• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نوجوان کرپشن کے خاتمے کیلئے تحریک انصاف کا حصہ بنیں، خواجہ انعام الحق

برمنگھم (ابرار مغل) تحریک انصاف برطانیہ کے رہنما خواجہ انعام الحق نے تحریک انصاف آزادکشمیر کے سینئر نائب صدر چوہدری ظفر انور کے دورہ برطانیہ پر میڈیا بریفنگ میں کہا کہ ان کا یہ دورہ انتہائی کامیاب رہا، لوگوں نے جوق در جوق انہیں خوش آمدید کہا، تحریک انصاف نہ صرف چکسواری بلکہ پورے آزاد کشمیر میں سونامی بن کر ابھرے گی۔انھوں نے کہا کہ برمنگھم اور ڈیوزبری کے جلسوں میں تحریک انصاف نے جس طرح برطانیہ سے و ی ٓآئی پی کلچر کے خاتمے کا آغاز کیا اسے انتہائی پسندیدگی کی نگاہ سے دیکھا گیا اور ظفر انور کے اس انداز کو عوام میں بڑی مقبولیت و پذیرائی ملی۔ تحریک انصاف کی اس مقبولیت کی اصل وجہ لوگوں کی موجودہ اجارہ دارانہ نظام سیاست سے نفرت ہے جس میں ہر سیاستدان کے گرد چند مفاد پرستوں کا ٹولہ جمع ہو کر عوام کے استحصال میں مصروف رہتا ہے لیکن تحریک انصاف ان رسوم کا خاتمہ کر کے دم لے گی ۔ انھوں نے کہا بدقسمتی سے کرپٹ حکمرانوں نے عوام پر ایسے نظام کو مسلط کئے رکھا جس میں کسی کی عزتِ نفس محفوظ نہیں ۔ لوگ اپنے جائز کاموں کیلئے بھی سرکاری دفاتر میں جانے سے گھبراتے ہیں۔ پوری ریاست میں ہر سطح پر ایک مافیا سرکاری اداروں پر قابض نظر آتا ہے جس سے جان چھڑانا اب ناگزیر ہو چکا ہے ۔ انھوں نے عوام اور نوجوانوں سے اپیل کی کہ ان بیماریوں سے جان چھڑانے کے لئے تحریک انصاف کا حصہ بنیں اور عمران خان کے پیغام کو گھر گھر پہنچا کر اسے مضبوط کریں۔ با شعور نوجوان گھسی پٹی جتھے بندی اور برادری ازم کی سیاست کو چھوڑ کر تحریک انصاف میں اپنا کردار ادا کریں ۔ تحریک انصاف ہی وہ واحد جماعت ہے جس میں عام کارکن آزاد و با اختیار رہ سکتا ہے۔ یہاں کسی شخصیت کی پرستش کی بجائے نظریات اور اصولوں کی اہمیت ہے۔ انھوں نے کہا کہ تحریک انصاف وی آئی پی اور کھڑپینچ کلچر کا ختمہ کر کے نئی روایات کا آغاز کرنا چاہتی ہے اور ہم پرانے گھسے پٹے رویوں اور طور طریقوں کو بدلے بغیر بحیثیت معاشرہ دنیا میں ترقی نہیں کر سکتے۔
تازہ ترین