• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’اسلام سے پہلے کسی مذہب کی جانب رجحان نہیں تھا‘، جینیفر گراؤٹ


سات سال قبل اسلام قبول کرنے والی امریکی گلوکارہ جینیفر گراؤٹ کا کہنا ہے کہ اسلام سے پہلے کسی مذہب کی جانب اُن کا رجحان نہیں تھا۔

برطانوی نشریاتی ادارے کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں جینیفر گراؤٹ نے مذہب کی تبدیلی سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ’ مجھے ایسا لگتا ہے کہ میں نے اسلام کو نہیں بلکہ اسلام نے مجھے چنا ہے۔‘

2013 میں مراکش میں اسلام قبول کرنے والی جینیفر گراؤٹ کا مزید کہنا تھا کہ ہم یک ایسے معاشرے میں رہتے ہیں جو ظاہری حالت پر زور دیتا ہے۔ اس لیے بطور ایک انسان، بطور ایک مسلمان ہمارا کام ہے کہ باطن کی افزائش پر کام کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ صرف خدا کو ہی معلوم ہے کہ ہم حقیقت میں کیسے ہیں اس لیے میں کسی اور کا ظاہری حال دیکھ کر یہ فیصلہ نہیں کر سکتی کہ وہ کیسا ہے۔

جینیفر گراؤٹ کون ہیں؟

عرب دنیا کے سب سے بڑے میوزیکل شو ’عرب گاٹ ٹیلنٹ‘ میں شرکت کرکے صاف عربی زبان میں گانا گا کر سب کو حیران کرنے والی جینیفر گراؤٹ نے موسیقی کی تعلیم امریکا سے حاصل کی ۔

امریکی جریدوں کے مطابق جینیفر گراؤٹ امریکا میں پیدا ہوئیں اور وہیں پرورش پائی، وہ خالصتاً امریکی خاندان میں پیدا ہوئیں جس کا عرب ثقافت سے دور دور تک کوئی تعلق نہیں تھا۔

نوجوانی میں جینیفر گراؤٹ کو عرب ثقافت میں دلچسپی پیدا ہوئی جس کے لیے وہ مراکش چلی آئیں۔ یہاں انہوں نےعرب میوزک کی ابتدائی معلومات حاصل کر کے ٹیلنٹ شو میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا۔

جینیفر گراؤٹ’عرب گاٹ ٹیلنٹ ‘ میں غیر عربی زبان بولنے والی پہلی امریکی خاتون تھیں جنہیں عربی میں اپنا تعارف کروانا بھی نہیں آرہا تھا لیکن جب انہوں نے عربی زبان میں گانا گایا تو سب حیران رہ گئے۔ وہ یہ شو جیتنے میں تو کامیاب نہیں رہیں تاہم آخری راؤنڈ تک پہنچیں ۔

23 سال کی عمر میں دائرہ اسلام میں داخل ہونے والی جینیفر گراؤٹ نے سال 2013 میں ہی مراکشی نوجوان سے شادی کرلی تھی ، اب وہ مشرق وسطیٰ میں رہتی ہیں مگر امریکا بھی جاتی رہتی ہیں ۔

’سوشل میڈیا پر کیسے مشہور ہوئیں‘

گزشتہ ماہ جینیفر گراؤٹ نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ایک ویڈیو شیئر کی تھی جس میں وہ مصر سے تعلق رکھنے والے معروف قاری محمد صدیق ال منشاوی کے انداز میں قرآن پاک کی تلاوت کرتی نظر آرہی تھیں۔

جینیفر نے خوبصورت انداز میں قرآن پاک کی تلاوت کرکے لوگوں کے دل جیتے تھے۔




سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں کچھ صارفین نے جینیفر کے تلاوت قرآن پاک پر حیرت کا اظہار بھی کیا تھا جس پر انہوں نے ایک وضاحتی ٹوئٹ کیا اور بتایا کہ انہوں نے 2013 میں اسلام قبول کرلیا تھا۔

جینیفر  کے یوٹیوب چینل پر ہزاروں فالورز ہیں جہاں ان کی تلاوت کی ویڈیوز بہت مقبول ہیں۔

تازہ ترین