بھارتی ریاست چھتیس گڑھ میں نامعلوم شخص نے گھر میں گھس کر ایک سال کی بچی اور میاں بیوی کو جلا کر قتل کر دیا۔
بھارتی ویب سائٹ ’انڈیا ٹوڈے‘ کے مطابق بھارتی ریاست چھتیس گڑھ میں گزشتہ روز ایک لرزہ خیز واقعہ پیش آیا، ایک نامعلوم شخص گھر میں گھسا اور ایک سال کی بچی سمیت میاں بیوی کو جلا دیا جبکہ لڑکی کی ماں کو فون کر کے کہا کہ ’ تمہاری بیٹی جل رہی ہے، آکر دیکھ لو، بچا سکتی ہو تو بچا لو‘۔
مقتولہ کی ماں کے مطابق اسے صبح کے وقت ایک کال موصول ہوئی جس میں دوسری جانب ایک شخص نے بتایا کہ ’ اُس کی بیٹی منجو اپنے گھر میں جل رہی ہے، وہ آ کر دیکھ لے، اپنی بیٹی کو بچا سکتی ہے تو بچا لے‘ جس کے فوراً بعد اُس نے پولیس کو کال کی اور انہیں اس واقعے سے آگاہ کیا۔
پولیس کے مطابق جب وہ منجو کے فلیٹ میں پہنچے تو گوشت کے جلنے کی بد بو باہر تک آ رہی تھی، انہوں نے گھر کے اندر جا کر دیکھا تو منجو اور اُس کا شوہر جلنے کے باعث مر چکے تھے جبکہ ان کے چاروں طرف خون پھیلا ہوا تھا، انہیں جلانے سے پہلے اُنہیں تشدد کر کے مارا گیا تھا، منجو اور اس کے شوہر کے ہاتھ پاؤں رسیوں سے بندھے ہوئے اور منجو کے منہ پر ٹیپ لگی ہوئی تھی۔
پولیس کے مطابق اُن کی ایک سال کی بچی بھی دم گھٹنے کے باعث موت کے منہ میں جا چکی تھی ۔
پولیس کا کہنا ہے کہ منجو کے گھر کے باہر سے ایک خط بھی ملا تھا جس پر قاتل نے منجو اور اس کے شوہر، بیٹی کو مارنے کی وجہ بتاتے ہوئے لکھا تھا کہ منجو کے ایک سے زائد لڑکوں کے ساتھ تعلقات رہ چکے ہیں اور منجو کی وجہ سے ہی میرے بھائی کی موت واقع ہوئی۔
پولیس کے مطابق منجو شرما نے کچھ عرصہ قبل ہی کار پینٹر روی شرما سے دوسری شادی کی تھی جبکہ اس تہرے قتل کے بعد سے منجو کا پہلا شوہر مفرور ہے۔
پولیس کی جانب سے یہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس تہرے قتل کے پیچھے منجو کا پہلا شوہر ملوث ہو سکتا ہے۔