• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پہلے ٹی ٹوئنٹی کے لیے ٹیم پاکستان کے ممکنہ کھلاڑی

پہلے ٹی ٹوئنٹی کے لیے ٹیم پاکستان کے ممکنہ کھلاڑی


پاکستان اور بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی کل قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔ بیٹسمین احسان علی اور فاسٹ بولر حارث رؤف کے ٹی ٹوئنٹی ڈیبو کرنے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق پہلے میچ کے لیے 11 ممکنہ کھلاڑیوں میں سابق کپتان محمد حفیظ اور شعیب ملک شامل ہوں گے جبکہ کپتان بابر اعظم کے ہمراہ احسان علی اوپننگ کریں گے۔

دیگر کھلاڑیوں میں افتخار احمد، محمد رضوان، عماد وسیم، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، محمد حسنین اور حارث رؤف کے شامل کیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق آل راؤنڈر عماد بٹ کو بھی سلیکشن کے لیے زیر غور لایا گیا ہے، حتمی ٹیم کا انتخاب میچ سے قبل پچ دیکھ کر کیا جائے گا۔

تقریباً 11 سال بعد مہمان بنگلا دیش اور ٹیم پاکستان پاک سرزمین پر مدمقابل ہوں گی، سیریز کے لیے ٹرافی کی رونمائی بھی کردی گئی ہے، دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے ٹرافی کی رونمائی کی۔

پاکستان ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ سیریز کےلیے اچھی تیاری کی ہے، بنگلا دیش کے خلاف متوازن ٹیم کے ساتھ میدان میں اتریں گے، انہیں بہت خوشی ہے کہ دس سال پہلے جہاں وہ بال پِکر تھے، آج کپتانی کررہے ہیں۔

بنگلا دیش کرکٹ ٹیم کے کپتان محمود اللّٰہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں کوئی سیکورٹی خدشات نہیں، یہ سب ہم بنگلا دیش چھوڑ آئے ہیں، یہاں اچھی کرکٹ کھیلنے کےلیے پر عزم ہیں۔

لاہور میں پری میچ پریس کانفرنس کرتے ہوئے محمود اللّٰہ نے کہا کہ پاکستان ٹی20 رینکنگ کی نمبر ون ٹیم ہے، ان کے ذہن میں صرف اچھی کرکٹ کھیلنا ہے۔

تین ٹی20 میچز کی سیریز کا پہلا ٹاکرا کل قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوگا، میچ دوپہر 2 بجے شروع ہوگا۔

تازہ ترین