راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی سہیل حبیب تاجک نے اٹک، جہلم اور چکوال کے افسران و ملازمین کی ذاتی شنوائی کیلئے ہفتہ وار وڈیو لنک اجلاس کا انعقاد کیا۔ اہلکاروں کے مسائل سن کر موقع پر احکامات جاری کئے گئے۔ ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی سہیل حبیب تاجک نے پولیس افسران و ملازمین کی ذاتی شنوائی کیلئے ہفتہ میں ایک دن مقرر کر رکھا ہے۔ راولپنڈی ضلع کے اہلکاروں کی شنوائی کیلئے جمعہ کا دن مختص کیا گیا ہے۔ اسی سلسلے میں آر پی او آفس میں ذاتی شنوائی کیلئے ویڈیو لنک اجلاس میں اٹک، جہلم اور چکوال کے افسران و اہلکاروں نے اپنی معروضات پیش کیں۔ آر پی او راولپنڈی سہیل حبیب تاجک نے ذاتی شنوائی کیلئے پیش ہونے والے افسران و ملازمین کو باری باری سننے کے بعد موقع پر ہی اُنکے مسائل کے حل کیلئے احکامات جاری کئے۔ آر پی او راولپنڈی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اہلکاروں کی سہولت کیلئے ویڈیو لنک سہولت کا آغاز کیا گیا ہے تاکہ انہیں اپنے مسائل و دیگر معاملات کے متعلق کسی دقت و پریشانی کا سامنا نہ ہو۔ دریں اثناء آر پی او نے راولپنڈی ریجن کے درخواست گزاروں کی سہولت کیلئے بھی ویڈیو لنک پر شکایات سننے کا آغاز کر دیا۔ اس سہولت سے راولپنڈی ریجن کے اضلاع اٹک، جہلم اور چکوال کے درخواست گزار فائدہ حاصل کر سکیں گے۔ ہفتے میں ایک مرتبہ بروز جمعرات چکوال کے درخواست گزار 10بجے، جہلم کے 11بجے اور اٹک کے درخواست گزار 12بجے دن اپنے متعلقہ ڈی پی او دفتر سے بذریعہ ویڈیو لنک اپنی شکایات پیش کرینگے جس سے نہ صرف انکے راولپنڈی سفر کرکے آنے پر پیش آنیوالی مشکلات، وقت کی بچت اور سفری اخراجات کی بھی یقینی بچت ہوئی ہے۔ اس سہولت کا باقاعدہ آغاز کیا جا چکاہے۔