لاہور(خصوصی رپورٹر)تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر اعجازاحمدچوہدری نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ نظام عدل کی کمزوری ہے کہ نواز شریف اس وقت ملک سے باہر بیٹھے ہیں،مریم نوازکی والد کے پاس جانے کی درخواست پر قانون کی عملداری قائم رہے گی،ہمارے نزدیک یہ سب مجرم ہیں۔ بھارت کے تمام اوچھے ہتھکنڈوں اورسازشوں کے باوجود ایف اے ٹی ایف نے پاکستانی حکومت کی کامیاب حکمت عملی اور پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ حکومت کی بہتر اقدامات کرنے سے ہر شعبہ مضبوط اور مستحکم ہوا ہے۔ پیپلزپارٹی اور ن لیگ نے ملک کو تاریکیوں اور مہنگی قرضوں میں ڈبویا ہے۔ ان خیالات کا اظہار چائنا سکیم شمالی لاہور اور شکرگڑھ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اعجازاحمدچوہدری کا مزید کہنا تھاکہ پاکستان تحریک انصاف کے جانباز اور بہادر ساتھیو آپ کو سلام پیش کرتا ہوں۔میں کور کمیٹی میں شامل ہوں۔ عمران خان کو دیکھا اور میں وثوق سے کہتا ہوں کہ وہ مضبوطی سے کھڑا ہے۔ پاکستان کا بہترین ادارہ پاک فوج ہے۔ عمران خان اپنی تنظیم کو فوج کی طرح منظم بنانا چاہتے ہیں۔ ورکرزکنونشن سے سنٹرل پنجاب کے جنرل سیکرٹری علی امیتازوڑائچ، نائب صدر شبیرسیال،جوائنٹ سیکرٹری قاری ذوالفقار سیالوی، ضلعی صدرشکرگڑھ چوہدری طارق انیس، ندیم نثار چوہدری، جمشید اقبال چیمہ، صدر شمالی لاہور غلام محی الدین دیوان، جنرل سیکرٹری مہرواجد عظیم، شالامار ٹاؤن کے صدرچوہدری حاجی نوازنت، جنرل سیکرٹری رانا عارف مشتاق سمیت دیگر عہدیداران نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت مشکل حالات کے باوجود بھی عوام کی خدمت کرنے ہمہ وقت کوشاں ہے۔