• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بنگلہ دیش کو ہرانے سے تیسری پوزیشن پر جانے کا خطرہ ٹل گیا

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستانی کرکٹ ٹیم نےبنگلہ دیش کو ہرانے سے قبل آخری ٹی ٹوئینٹی سیریز اکتوبر2018میں نیوزی لینڈ کے خلاف جیتی تھی۔دو میچ جیت کر پاکستان کا عالمی نمبر تین پر جانے کا خطرہ ٹل گیا لیکن عالمی نمبر ایک پوزیشن بچانے کے لئے پاکستان کو پیر کو آخری میچ میں کامیابی حاصل کرنا ہے تاکہ پاکستان کی نمبر ایک پوزیشن بچ سکے۔سرفراز احمد کی قیادت میں پندرہ ماہ قبل پاکستان نے نیوزی لینڈ کو تین صفر اور اس سے قبل آسٹریلیا کو تین صفر سے وائٹ واش کیا تھا۔جس کے بعد پاکستان کو انگلینڈ میں ایک ٹی ٹوئینٹی انٹر نیشنل میں شکست ہوئی۔جنوبی افریقا میں پاکستان کو دو ایک سے شکست ہوئی جبکہ سری لنکا نے تین صفر اور اآسٹریلیا نے دو صفر سے شکست دی تھی۔یہ سیریز پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی عالمی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن برقرار رکھنے کے لیے اہم ہے۔ سرفہرست رہنے کے لیے پاکستان کو اس سیریز کے تینوں میچوں میں کامیابی حاصل کرنا لازمی ہے اور ایک بھی شکست اسے نمبر ایک پوزیشن سے محروم کر سکتی ہے۔موجودہ سیریز سے قبل پاکستانی کرکٹ ٹیم گذشتہ سال دس میں سے صرف ایک ٹی ٹوئنٹی میچ جیتنے میں کامیاب ہو سکی تھی۔ آٹھ میچوں میں اسے شکست ہوئی تھی اور ایک میچ بارش کی وجہ سے نامکمل رہا تھا۔بنگلہ دیش کی عالمی رینکنگ اس وقت نویں ہے۔پاکستان آنے سے قبل بنگلہ دیش نے گزشتہ سال آٹھ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلے تھے جن میں سے چار جیتے تھے، تین میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور ایک میچ نامکمل رہا تھا۔لاہور کے دو میچوں سے پہلےدونوں ٹیموں کے درمیان پاکستان کی سرزمین پر صرف ایک ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اپریل 2008 میں کراچی میں کھیلا گیا جو پاکستان نے ایک سو دو رنز سے جیتا تھا۔ یہ پاکستان کی سرزمین پر کھیلا گیا اولین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل بھی تھا۔

تازہ ترین