• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

کورونا وائرس، ہزار بستروں کا اسپتال کل سے فعال ہوجائے گا

چین میں خصوصاً کرونا وائرس کے مریضوں کے لیے1 ہزار بستروں پر مشتمل اسپتال بننا شروع


چین کے شہر ووہان میں کورونا وائرس کی نئی قسم نے جس تیزی سے عالمی وباء کی شکل اختیار کی ہے اس سے نبرد آزما ہونے کے لیے چین نے بھی اتنی ہی تیز رفتاری سے 1000 بستروں پر مشتمل ایک اسپتال بنانا شروع کردیا ہے جو کل سے فعال ہوجائے گا۔

غیر ملکی رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں تعمیر ہونے والے اس اسپتال میں بطورِ خاص کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کا علاج کیا جائے گا۔ ووہان میں تعمیر کیا جانے والا یہ اسپتال اتوار26جنوری تک مکمل کرلیا جائے گا جبکہ 27جنوری پیر کے روز سے کام شروع کردے گا۔

چینی حکام اس جگہ پر ہر قسم کی مشینری فوری طور پر نہ صرف پہنچا چکے ہیں بلکہ اسپتال کی تعمیر بھی تیزی سے جاری ہے اور کام کی رفتار اور ورکرز کا انہماک دیکھ کر یہ کہا جا سکتا ہے کہ مقررہ وقت پر اسپتال کی تعمیر اور افتتاح ہوجائے گا۔

واضح رہے کہ چین گزشتہ 10 دنوں سے ایک نئی وباء کا شکار ہے جس کی علامات نمونیا سے ملتی جلتی ہیں لیکن اس بیماری کی وجہ ایک نیا وائرس ہے جس کا تعلق ”کورونا“ (Corona) قسم کے وائرس کے خاندان سے ہے۔

اس وباء  کا آغازچونکہ چینی شہر ووہان سے ہوا تھااس لیے یہ وائرس بھی فی الحال ’ ووہان وائرس‘ ہی کے نام سے مشہور ہورہا ہے۔

چین میں اب تک ووہان وائرس سے 41 اموات ہوچکی ہیں جبکہ 1500 سے زائد افراد اب تک اس سے متاثر ہوچکے ہیں ۔

ووہان شہر کے تمام داخلی اور خارجی راستے بند کردیئے گئے ہیں اوریہاں رہنے والا کوئی فرد بھی اس شہر سے باہر نہیں جاسکتا ہے جبکہ بیرونِ شہر سے آنے والی امدادی ٹیموں کو بھی خصوصی حفاظتی اقدامات اختیار کرنے اور خصوصی لباس پہننے کے بعد ہی اس علاقے میں داخل ہونے کی اجازت دی جارہی ہے۔

تازہ ترین
تازہ ترین