• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ایس ایل 5: کرکٹ شائقین کو علی ظفر یاد آگئے

پی ایس ایل فائیو کا آفیشل ترانہ جاری


پاکستان میں شائقین کرکٹ کے لیے کرکٹ کا موسم آنے کی نوید آگئی۔  کرکٹ کے سب سے بڑے میلے پاکستان سُپر لیگ (پی ایس ایل) کا ترانہ گزشتہ روز ریلیز کر دیا گیا۔

ہر سال شائقین کرکٹ کو زیادہ سے زیادہ راغب کرنے کے لیے میگا ایونٹ کے لیے سالانہ ایک گانا ریلیز کیا جاتا ہے۔

گانے کی ریلیز سے قبل ہی کرکٹ شائقین کو اس ترانے کا بے صبری سے انتظار تھا تاہم گانا زیادہ تر لوگوں کو متاثر کرنے میں ناکام رہا جبکہ کچھ شائقین کو اچھا بھی لگا۔

پی ایس ایل سیزن5 کا  ترانہ ’تیار ہیں‘ نامور گلوکار عارف لوہار، علی عظمت، ہارون رشید اور عاصم اظہر نے گایا ہے۔

گانے کے ذریعے شائقین کرکٹ اور کھلاڑیوں کا جوش و جذبہ ظاہر کرتا ہے کہ وہ کس طرح سیزن5 کے منتظر ہیں۔

’تیار ہیں‘ کے لانچ کے فوراً بعد سوشل میڈیا پر لوگوں نے اپنی رائے کا اظہار شروع کیا اور علی ظفر کو یاد کرنے لگے۔

سوشل میڈیا صارفین کی ایک بڑی تعداد کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کے ترانے علی ظفر کو ہی گانے چاہئیں۔

گانے کی ریلیز کے بعد صارفین کی جانب سے علی ظفر کا اتنا تذکرہ کیا گیا کہ وہ  پاکستان کے ٹوئٹر ٹرینڈ پینل پر چھا گئے۔

علی ظفر نے اپنے ٹوئٹ میں اس ٹرینڈ سے متعلق اپنے مداحوں سے پوچھا کہ انہیں اپنی اہلیہ عائشہ کی کال موصول ہوئی جہاں سے انہیں پتہ چلا کہ میں ٹرینڈ کررہا ہوں، کیا مجھے کوئی بتائے گا کہ اب کیا ہوگیا؟

پاکستان سپر لیگ  کے مداحوں نے پی ایس ایل میں ان کی آواز کو ’جان‘ قرار دیتے ہوئے بتایا کہ آنے والے ایڈیشن کا ترانہ سن کر انہیں علی ظفر کی یاد ستا رہی ہے۔

صارفین کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کے ترانوں میں کوئی بھی علی ظفر والے ترانوں کے معیار پر پورا نہیں اتر پاتا۔

ان کے مداحوں اور کرکٹ شائقین کی جانب سے دلچسپ و پر مزاح میمز بھی شیئر کئے جا رہے ہیں۔

نئے ترانے کی ریلیز کے بعد کچھ کرکٹ مداحوں کو کہنا ہے کہ ایسے ترانے سے بہتر تھا کہ ترانہ بناتے ہی نہیں آپ۔

ایک صارف نےلکھا کہ 4 گلوکار مل کر بھی علی ظفر کے لیول تک نہیں پہنچ سکے۔ یہ بھی کہا جارہا ہے کہ جو معیار علی ظفر نے ترتیب دیا ہے وہ لاجواب ہے۔

احسان نامی ایک کرکٹ کے شوقین نے لکھا کہ علی ظفر کی آواز میں گائے گئے پی ایس ایل کے ترانے اس خاص ایونٹ کا تاثر دیتے تھے، اب تک ’اب سیٹی بجے گی‘ کو کوئی مات نہیں دے پایا۔

ایک صارف نے لکھا کہ 4 گلوکار وہ کام نہیں کر پائے جو علی ظفر اکیلے کر گئے۔

پی ایس ایل کا چوتھا سیزن:

پی ایس ایل کے گزشتہ ایڈیشن کے ترانے ’کھیل دیوانوں کا‘  کے بول شجاع حیدر نےلکھے، جنہیں فواد خان نے اپنی آواز سے چارچاند لگائے تھے۔

پی ایس ایل تیسرا ایڈیشن:

میگا ایونٹ کے تیسرے ایڈیشن کے لیے علی ظفر کا لکھا اورگایا ’دل سے جان لگا دے‘ کرکٹ فینز میں انتہائی مقبول ہوا تھا۔

پی ایس ایل دوسرا ایڈیشن:

پی ایس ایل 2017 کے ایڈیشن میں بھی علی ظفر کی آواز میں ’اب کھیل جمے گا‘ نغمہ ریلیز کیا گیا۔

پی ایس ایل پہلا ایڈیشن:

پی ایس ایل کے پہلے ایڈیشن 2016 میں علی ظفر نے ’اب کھیل کےدکھا‘ سے شائقین کے دل گرمائے تھے۔

تازہ ترین