• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دلاور فگار

میں نے کہا کہ شہر کے حق میں دعا کرو

اس نے کہا کہ بات غلط مت کہا کرو

میں نے کہا کہ رات سے بجلی بھی بند ہے

اس نے کہا کہ ہاتھ سے پنکھا جھلا کرو

میں نے کہا کہ شہر میں پانی کا قحط ہے

اس نے کہا کہ پیپسی کولا پیا کرو

میں نے کہا کہ کار ڈکیتوں نے چھین لی

اس نے کہا کہ اچھا ہے پیدل چلا کرو

میں نے کہا کہ کام ہے نہ کوئی کاروبار

اس نے کہا کہ شاعری پر اکتفا کرو

میں نے کہا کہ سو کی بھی گنتی نہیں ہے یاد

اس نے کہا کہ رات کو تارے گنا کرو

میں نے کہا کہ ہے مجھے کرسی کی آرزو

اس نے کہا کہ آیت کرسی پڑھا کرو

میں نے کہا غزل پڑھی جاتی نہیں صحیح

اس نے کہا کہ پہلے ریہرسل کیا کرو

میں نے کہا کہ کیسے کہی جاتی ہے غزل

اس نے کہا کہ میری غزل گا دیا کرو

ہر بات پر جو کہتا رہا میں بجا بجا

اس نے کہا کہ یوں ہی مسلسل بجا کرو 

تازہ ترین