سکھر (بیورو رپورٹ) مختلف تنظیموں کی جانب سے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے اور بھارتی مظالم کیخلاف احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔ ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں پاکستانی و کشمیری پرچم اٹھاکر مختلف شاہراہوں پر گشت کیا، کشمیر بنے گا پاکستان، کشمیریوں سے رشتہ کیا، لا الہ الا اللہ کی صدائیں بلند کیں، مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ و بینرز بھی اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیریوں کی آزادی اور بھارتی مظالم کے حوالے سے تحریریں درج تھیں۔ پشتون اتحاد کی جانب سے محمد بن قاسم پارک سے سکھر پریس کلب تک محمد ایوب، نادر خان ترین کی قیادت میں ریلی نکالی گئی جبکہ امن کونسل کی جانب سے محمد بن قاسم پارک سے سکھر پریس کلب تک نبی بخش ڈومکی کی قیادت میں ریلی نکالی گئی۔ اس موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہاکہ پوری دنیا دیکھ رہی ہے کہ کشمیر میں 180دن سے بھارت نے کرفیو نافذ کررکھا ہے اور کشمیریوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں، اقوام متحدہ سمیت دیگر عالمی تنظیمیں خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں، جنت نظیر خطے کشمیر میں مسلمانوں پر ہونیوالے ظلم و بربریت کیخلاف اقوام متحدہ بھی ٹس سے مس نہیں ہورہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پوری پاکستانی قوم کے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور کشمیریوں کی آزادی تک قوم ان کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی سرحدوں کی حفاظت مضبوط ہاتھوں میں ہے اور پوری قوم افواج پاکستان کیساتھ کھڑی ہے۔