• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت، انتہا پسند ہندو کی شاہین باغ میں خواتین مظاہرین پر فائرنگ

نئی دہلی (جنگ نیوز) بھارتی دارالحکومت شاہین باغ کے علاقے میں ہندو انتہا پسند نوجوان نے احتجاجی خواتین پر فائرنگ کردی، مظاہرین نے گزشتہ کئی ہفتوں سے دہلی کے شاہین باغ میں بھارت کے متنازع شہریت قانون کے خلاف دھرنا دیا ہوا ہے۔ بھارتی ویب سائٹ ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق دہلی کے جامعہ نگر میں شاہین باغ میں ایک مسلح نوجوان نے فائرنگ کی تاہم کسی قسم کا نقصان نہیں ہوا جبکہ پولیس نے نوجوان کو گرفتار کرلیا۔ سوشل میڈیا میں زیرگردش ویڈیو میں واضح طور پر سنا جاسکتا ہے کہ پولیس کی حراست میں موجود نوجوان نعرے لگا رہا ہے کہ ‘ہمارے دیش میں اور کسی کی نہیں چلے گی، صرف ہندووں کی چلے گی۔ دہلی ہی میں تین روز قبل جامعہ ملیہ میں احتجاجی طلبہ پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک طالب علم زخمی ہوگیا تھا۔ شاہین باغ کے رہائشی ابوالاعلیٰ سہانی کا کہنا تھا کہ فائرنگ کرنے والے نوجوان کی عمر 20 سال کے لگ بھگ تھی اور جب انہیں حراست میں لیا گیا تو ہم نے پولیس کو ان کا نام لیتےہوئے سنا۔
تازہ ترین