• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

جعلی ٹیکس ریفنڈ ایف بی آر کی ملی بھگت کے بغیر نہیں ہوسکتے، وفاقی ٹیکس محتسب

جعلی ٹیکس ریفنڈ ایف بی آر کی ملی بھگت کے بغیر نہیں ہوسکتے، وفاقی ٹیکس محتسب


اسلام آباد(نمائندہ جنگ ) وفاقی ٹیکس محتسب نےایف بی آرکوٹیکس ریفنڈ کیسوں میں ریڈالرٹ جاری کرتے ہوئے ہدایت کی ہےکہ جعلی ٹیکس ریفنڈکیسوں میں ملوث اہلکاروں اور جعلی ریفنڈ حاصل کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔

جعلی ٹیکس ریفنڈ ایف بی آر کی ملی بھگت کے بغیر نہیں ہوسکتے ،ایف ٹی او کی رپورٹ کے مطابق ایف بی آراسٹاف کی ملی بھگت سے جعلی افراد رجسٹرکئےگئے ہیں،سوائے بلیک لسٹنگ کے جعلی افراد کے خلاف ایف بی آر نے کوئی سنجیدہ کوشش نہیں کی۔

تفصیلات کےمطابق وفاقی ٹیکس محتسب (ایف ٹی او) نے جعلی ٹیکس ریفنڈ کے خلاف از خودنوٹس تحقیقات میں مزیدکیسوں کافیصلہ کرتے ہوئے ایف بی آرکو ہدایات دی ہیں کہ ایف بی آر ریڈ الرٹ جاری کرنے اور ایس ٹی آر این کی معطلی سے آگےبڑھ کرجعلی ریفنڈ میں ملوث افراد اور ایف بی آر میں ان کے سہولت کاروں کے خلاف فوری کارروائی کرے۔

ایف ٹی اورپورٹ میں انکشاف کیاگیاہے کہ ڈائریکٹوریٹ جنرل آئی اینڈ آئی (ان لینڈ ریونیو) نے جعلی ٹیکس ریفنڈ ز کے اجراء کے خلاف ملک گیر تحقیقات کا آغاز کیا لیکن بہت سے ایسے کیس نہیں کھولے گئے جہاں ایف بی آر اسٹاف کی ملی بھگت سے جعلی افراد رجسٹر ہوئے جنہوں نے بعد میں جعلی ووچرز اور کاغذی کارروائی کی بنیاد پرٹیکس ریفنڈکلیم کئے اور اکثر اوقات جعلی ریفنڈ حاصل کرکے قومی خزانے کو کروڑوں کا نقصان پہنچایا۔

ایف ٹی او رپورٹ کے مطابق جعلی رجسٹرڈافراد کی اکثر خریداریاں مشکوک تھیں جن کا ان کے کاروبار سے کوئی تعلق نہیں ہوتا تھا، ایف بی آر معاملے کی نوعیت کو سنجیدگی سے نہیں لے رہا۔

تازہ ترین