• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیریوں پر مودی کے مظالم عالمی ضمیر پر بوجھ ہے، بلاول بھٹو

اسلام آباد (این این آئی، آئی این پی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زر داری نے کہاہے کہ مودی کے مظالم عالمی ضمیر پر بوجھ ہیں، بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کو دکھاتے رہیں گے، ن لیگ کے صدر وقومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ بھارت بربریت بھی کشمیریوں کی آواز دبانہیں کرواسکتی، جبکہ سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا حل صرف کشمیریوں کی رائے شماری ہے، آزادی ان کا بنیادی، جمہوری اور انسانی حق ہے۔ یوم کشمیر پر اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زر داری نے کہاہے کہ مسئلہ کشمیر کا واحد حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں استصواب رائے ہے،عالمی برادری کشمیر کے تصفیہ طلب معاملے پر اپنی ذمہ داری سے مزید صرفِ نظر کی متحمل نہیں ہو سکتی،پی پی پی کشمیر کی آزادی تک بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کو دکھاتی اورعالمی ضمیر کو جھنجوڑتے رہے گی۔بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ کشمیر کے ہزاروں شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ انہوں نےکہاکہ پاکستان کا ہر شہر، گلی اور گاوَں آج ا یک آواز ہیں کہ ہم اپنے کشمیری بھائیوں و بہنوں کے ساتھ ہیں۔بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ جنت نظیر وادی میں 185 دنوں سے لاک ڈاوَن جاری ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ مسئلہ کشمیر کا حل اسلامی دنیا کے سیاسی عزم اور عالمی ضمیر کے جاگنے سے ہاتھ بھر کی دوری پر ہے۔

تازہ ترین