کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ گجرات کے قصاب نے مقبوضہ کشمیر میں نسل کشی جاری رکھی ہوئی ہے ، لہٰذا ان کیخلاف عالمی عدالت انصاف میں جنگی جرم کا مقدمہ درج کیا جانا چاہئے۔ جبکہ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ بھارت کی مقبوضہ کشمیر میں ظلم اور بربریت جاری ہے، وقت آگیا ہے کہ دنیا بھارت پر پابندیاں لگائے، مودی کی پالیسیوں کی وجہ سے انڈیا ٹکڑوں میں تقسیم ہوجائیگا۔یہ بات انہوں نے کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے کشمیر روڈ سے مزار قائد تک نکالی گئی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ حکومت سندھ نے اس ریلی کا اہتمام کیا تھا جس میں چیف سیکرٹری سندھ سید ممتاز شاہ ، تمام صوبائی وزراء، صوبائی مشیران، معاونین خصوصی، صوبائی سیکرٹریز اور سینئر پولیس افسران نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے خطاب میں کہا کہ گجرات کے قصاب مودی نے ہندوستان کے مسلمانوں کیخلاف دہشت گردی کی ایک لہر جاری رکھی ہے اور انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں نسل کشی کا آغاز کیا ہے، مودی کے ہاتھ معصوم کشمیریوں کے خون سے داغدار ہیں اور ایک دن انہیں عالمی عدالت انصاف میں جنگی جرائم کے مقدمات کا سامنا کرنا پڑیگا۔ مراد علی شاہ نے بین الاقوامی برادری، انسانی حقوق کے اداروں اور ہر ایک کو کشمیری عوام کے درد کو محسوس کرنے کی اپیل کی کہ وہ ان کیلئے آواز اٹھائیں اور عالمی برادری کو نیند سے جگائیں تاکہ وہ کشمیر کو بھارت کے قبضے سے آزاد کرائیں۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ سندھ اور گورنر سندھ نے کشمیر روڈ سے مزار قائد تک کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی ریلی کی قیادت کی۔ بڑی تعداد میں لوگ کشمیر ریلی میں شریک تھے اور ہر ایک کے ہاتھوں میں کشمیر کا جھنڈا تھا۔