پاکستانی طالبہ اقصی اجمل نے بین الاقوامی پلیٹ فارم ’لیکسس ڈیزائن ایوارڈ‘ کے دنیا بھر سے حصہ لینے والوں کی فائنل لسٹ میں جگہ بنالی۔
لیکسس ڈیزائن ایوارڈ کے لئے دنیا بھر کے چھ ڈیزائنرز میں اقصی کے پروجیکٹ کو بھی منتخب کیا گیا ۔
دیگر منتخب ہونے والے ڈیزائنرز کا تعلق امریکا، کینیا، چین، برطانیہ اور روس سے ہے۔
اقصی کا ’پرسویٹ‘ نامی پروجیکٹ نابینا افراد کی صلاحیتوں کو ابھارنے میں مددگار ثابت ہوگا۔
اقصی اس اعزاز کو پانے والی پہلی پاکستانی خاتون ہیں۔اقصی نے ایک ایسی سلائی مشین متعارف کروائی ہے جو بینائی سے محروم افراد کے لیے فائدہ مند ہے۔
عالمی دنیا میں پاکستان کا نام روشن کرنے والی اقصی کا اپنے پروجیکٹ کے بارے میں کہنا ہے کہ ’پاکستان میں 45 فیصد آبادی ٹیکسٹائل کی صنعتوں میں کام کرتی ہے تاہم بینائی سے محروم افراد کے لیے ان صنعتوں میں ملازمت کرنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔‘
اقصی کا کہنا ہے کہ ان کی مشین ’پرسویٹ‘ نابینا افراد کے لیے سود مند ثابت ہوگی، نابینا افراد اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے اور ان کے لیے ماہانہ آمدنی کا حصول بھی ممکن ہوگا۔
نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے ڈیپارٹمنٹ ’اسکول آف آرٹ سائنس اینڈ آرکیٹیکٹ‘ سے گریجویشن کرنے والی اقصی جمال نے پاکستان کا نام روشن کردیا۔
اقصی کا اپنی ایک انسٹاگرام پوسٹ پر کہنا ہے کہ انہیں عالمی سطح پر ملک کی نمائندگی کرنے میں بہت فخر محسوس ہورہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ امید کرتی ہیں ان کا کام میلان ڈیزائن ویک میں بھی نمائش کے لیے پیش کیا جائے۔
انہوں نے اپنی پوسٹ میں لیکسس انٹرنیشنل کی جانب سے نیویارک میں مینٹور شپ پروگرام کے لیے شرکت کرنے کا موقع فراہم کرنے پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔