’نواب آف اٹک‘ ملک عطا محمد خان گزشتہ روز انتقال کر گئے، وہ معروف سیاستدان اور پنجاب اسمبلی کے رکن بھی تھے ۔
ملک عطا محمد خان پنجاب کے علاقے کوٹ فتح خان کے نواب تھے، آئی ایس پی آر کے اشتراک سے بننے والے ملکی تاریخ کے مقبول ترین ڈرامے ’ایلفا، براوو، چارلی‘ میں انہوں نے ’کیپٹن فراز‘ کے والد کا کردار ادا کیا تھا جو ان کی وجہ شہرت بنا ۔
ملک عطا محمد خان ایک بہترین گھڑ سوار بھی تھے اور گھڑ سواری اور خیمہ پیگنگ فیڈریشن آف پاکستان کے پہلے منتخب صدر کا اعزاز بھی رکھتے تھے، نیزہ بازی اور گھڑ سواری میں مہارت رکھنے والے ملک عطا محمد خان نے ایشین گیمز میں چاندی کا تمغہ بھی جیت رکھا تھا ۔
ملک عطا محمد خان نے 1990ء کے انتخابات میں اپنے آبائی حلقہ میں آزاد حیثیت سے الیکشن لڑا تھا جس میں کامیاب ہو کر پنجاب اسمبلی کا حصہ بنے، اس سے قبل وہ اسلامی جمہوری اتحاد کا بھی حصہ رہے۔
پرنس کا لقب پانے والے ملک عطا محمد خان 1941ء میں پیدا ہوئے تھے جبکہ انتقال کے وقت ان کی عمر 78 سال تھی۔
وفاقی وزیر برائے امور ِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے پرنس ملک عطا محمد کے انتقال پر افسوس کا اظہار مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک ٹوئٹ میں کیا، شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پرنس ملک عطا محمد خان آف اٹک کی وفات کا سن کر شدید دکھ ہوا ہے ۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ملک صاحب ایک عظیم شخصیت کے مالک تھے جنہوں نے گھڑ سواری اور نیزہ بازی سمیت پنجاب کی دیگر دیہی روایات کو زندہ رکھنے کے لیے اپنی زندگی صرف کی۔
اللّٰہ تعالیٰ مرحوم کو جوارِ رحمت میں جگہ دے اور لواحقین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔