• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسپورٹس سے زندگی میں رواداری قائم رکھنے میں مدد ملتی ہے، پروفیسر سعید قریشی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈائو یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر پروفیسر محمد سعید قریشی نے کہا ہے کہ اسپورٹس طلبہ کی زندگی میں نہایت اہمیت کا حامل ہے،جس سے انہیں زندگی میں برداشت اور رواداری قائم رکھنے میں مدد ملتی ہے،یونیورسٹی کے ایام طلبہ کے لیے ہمیشہ یاد گار ہوتے ہیں صحت مند سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی ڈائو یونیورسٹی کی روایت ہے، ڈائو یونیورسٹی اپنی روایت کے مطابق کئی برسوں سے یہ مقابلے منعقد کرارہی ہے، اس مرتبہ یہ مقابلے پچھلے مقابلوں کی نسبت بہتر انداز میں دیکھے جائیں گے، اسپورٹس کمیٹی بھرپور انداز میں یہ مقابلے منعقد کراتی ہے، جس میں طلبہ پر جوش انداز میں حصہ لے رہے ہیں، جس سے نہ صرف ان کی صلاحیتیوں میں اضافہ ہوتا ہے، بلکہ پڑھائی کے دبائو سے بھی سکون میسر آتا ہے، ۔ یہ باتیں انہوں نے اوجھا کیمپس میں واقع جمنازیم میں سالانہ اسپورٹس ویک کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر ز پروفیسر کرتار ڈاوانی، پروفیسر زرناز واحد رجسٹرار ڈائو یونیورسٹی پروفیسر امان اللہ عباسی، ڈائریکٹر اسپورٹس پروفیسر مکرم علی، ڈائو میڈیکل کالج کے پرنسپل پروفیسرامجد سراج میمن اور دیگر بھی موجود تھے۔

تازہ ترین