کراچی (محمد ناصر) پنجاب کا ثقافتی کھیل ”کبڈی“ دنیا بھر کے پہلوانوں کے ساتھ اب پہلی بار پاکستان میں اپنا جادو دکھانے کو بے تاب ہے۔ کبڈی کے شائقین کیلئے بڑی خوشخبری ہے کہ پنجاب کے روایتی کھیل”کبڈی“کا سب سے بڑا میلہ کل سے لاہور میں سجے گا جس کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ ”کبڈی ورلڈ کپ 2020“ کا میگا ایونٹ 9فروری سے 16 فروری تک جاری رہے گا۔ سنسنی خیز مقابلے لاہور، فیصل آباد اور گجرات کے میدانوں پر منعقد کئے جائیں گے اورپاکستان کا پہلا نجی اسپورٹس چینل ”جیوسوپر“اپنے ناظرین کیلئے تمام مقابلے براہ راست نشر کرے گا۔ یاد رہے کہ پہلی بار پاکستان ”کبڈی ورلڈ کپ “ کی میزبانی کرے گا اس سے قبل بھارت اس ایونٹ کی میزبانی کرتا رہا ہے۔ کبڈی ورلڈکپ میں پاکستان اور بھارت سمیت دُنیا کے 10 ممالک کی ٹیمیں ایک دوسرے کے مدِ مقابل ہوں گی۔ قومی ریسلرز بھی غیرملکی کھلاڑیوں کو چت کرنے کیلئے بے تاب نظر آرہے ہیں لہٰذا پاکستان نے بھی اپنی 20 رکنی ٹیم کا اعلان کردیا ہے جس کی قیادت محمد عرفان کریں گے ۔ دوسری طرف غیر ملکی ٹیموں کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ جرمنی، ایران اور آذر بائیجان کی ٹیمیںپہلے ہی لاہور پہنچ گئی ہیں۔توقع کی جارہی ہے کہ کبڈی کا یہ میلہ پاکستان کی ثقافت اور سیاحت کا سفیر بنے گا ۔ اس کے علاوہ لاہور، فیصل آباد اور گجرات کے لوگ بڑی تعداد میں پہنچ کر تمام مقابلوں سے لطف اندوز ہوں گے۔