• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

پاکستان کی سری لنکا کے بعد دوسری ٹیم کیخلاف پہلی ٹیسٹ ہیٹ ٹرک

نسیم شاہ نے پاکستان کو سری لنکا سے نکال لیا


پاکستان نے ٹیسٹ کرکٹ میں ہیٹ ٹرک کے لیے پہلی مرتبہ اب سری لنکا کے بعد کسی دوسری ٹیم کو اپنا ہدف بنایا۔

پاکستان کے نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ نے راولپنڈی ٹیسٹ میچ میں بنگلہ دیش کے خلاف ہیٹ ٹرک کرکے ریکارڈ بک میں اپنا درج کروالیا۔

نسیم شاہ اس ہیٹ ٹرک کے ساتھ ہی یہ سنگ میل عبور کرنے والے ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کے کم عمر ترین بولر بھی بن گئے۔

نوجوان فاسٹ بولر نے 16 سال 359 دن میں یہ اعزاز اپنے نام کیا ہے۔

نسیم شاہ پاکستان کے پاکستان کے چوتھے بولر ہیں جنہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں ہیٹ ٹرک مکمل کی ہے۔

ان سے قبل سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم، آلراؤنڈر عبدالرزاق اور فاسٹ بولر محمد سمیع بھی ٹیسٹ کرکٹ میں یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔

یہاں غور طلب بات یہ ہے کہ گزشتہ تینوں کھلاڑیوں نے یہ ہیٹ ٹرک صرف ایک ہی ٹیم یعنی سری لنکا کے خلاف بنائی۔

یہ پہلا موقع ہے کہ کسی پاکستانی فاسٹ بولر نے سری لنکا کے علاوہ کسی دوسری ٹیم کے خلاف اپنے ہیٹ ٹرک مکمل کی۔

پاکستان کی جانب سے پہلی ہیٹ ٹرک سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں 4 سے 8 مارچ 1999 تک کھیلے جانے والے ایشین ٹیسٹ چیمپئن شپ کے ایک میچ میں بنائی۔

انہوں نے رمیش کالووتھرانا، نروشان بندارا تلیکے، پرومودیا وکراما سنگے کو آؤٹ کرکے یہ ہیٹ ٹرک مکمل کی۔

پاکستان کی جانب سے دوسری ہیٹ ٹرک بھی وسیم اکرم نے ہی کی اور سری لنکا کے خلاف ہی صرف 4 دن کے فرق سے ڈھاکا میں شروع ہونے والے ایشین ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں انہوں نے یہ کارنامہ انجام دیا۔

وسیم اکرم نے اوشکا گوناوردھنے، چمندا واس اور مہیلا جے وردھنے کو آؤٹ کرکے اپنی دوسری ہیٹ ٹرک مکمل کی۔

اس کے بعد آلراؤنڈر عبدالرزاق بھی سری لنکا پر قہر بن کر برسے اور جون 2000 میں گال کے مقام پر کھیلے گئے میچ میں انہوں نے سری لنکا کے خلاف ہی اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی۔

عبدالرزاق نے رمیش کالو ویتھرانا، رنگانا ہیراتھ اور رویندرا پشپاکمارا کو آؤٹ کرکے ٹیسٹ میں اپنی پہلی اور واحد ہیٹ ٹرک مکمل کی۔

پاکستان کے تیسرے بولر جنہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں ہیٹ ٹرک مکمل کی وہ اسپیڈ اسٹار محمد سمیع ہیں۔

سمیع نے مارچ 2002 میں لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں چریتھا بدیکا، نوان زوئیسا اور متھایا مرلی دھرن کو آؤٹ کرکے ہیٹ ٹرک کرنے والوں میں اپنا نام درج کروایا۔

واضح رہے کہ محمد سمیع کے بعد اب 2020 میں بنگلہ دیش کے خلاف نسیم شاہ نے مسلسل تین گیندوں پر تین بلے بازوں کو پویلین لوٹا کر ہیٹ ٹرک مکمل کی لیکن یہاں دلچسپ بات یہ تھی کہ سری لنکا کے علاوہ پہلی مرتبہ کسی دوسری ٹیم کے خلاف پاکستانی بولر نے یہ کارنامہ انجام دیا۔

یہاں دلچسپ بات یہ ہے کہ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں پاکستان کی جانب سے دو ہیٹ ٹرکس کی گئیں ہیں اور یہ دونوں ہیٹ ٹرکس بھی سری لنکا کے خلاف بنائی گئیں۔

پہلی ہیٹ ٹرک 27 اکتوبر 2017 کو فہیم اشرف نے شیخ زید اسٹیڈیم ابوظبی میں جبکہ دوسری ہیٹ ٹرک محمد حسنین نے 5 اکتوبر 2019 کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں مکمل کی۔

تازہ ترین
تازہ ترین