• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عوام کو روٹی کے لالے، نالائق حکومت انتقامی کارروائیوں میں مصروف ہے، شہباز شریف

لندن، لاہور (ایجنسیاں) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران کے تکبر، ضد اور حسد کے باعث ملکی معیشت ڈوب رہی ہے۔انہوں نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی رہائش گاہ پر غیر قانونی قبضہ اور لنگر خانہ کھولنے کی مذمّت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسحاق ڈار نے ملک و قوم کی خدمت کی، اوچھے ہتھکنڈوں سے ان کی خدمات کو جھٹلایا نہیں جا سکتا، عوام کو روٹی روزگار اور کاروبار کے لالے پڑے ہیں جبکہ کرپٹ،نالائق اور انتقامی حکومت سیاسی مخالفین کے خلاف انتقامی کاروائیوں میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا عمران نیازی کے تکبر، ضد، ہٹ دھرمی اورحسد کے نتیجے میں میں ملکی معیشت ڈوب رہی ہے،سیاسی مخالفین کے گھروں پر قبضے افسوسناک اور منفی روایت ہے،ایسی گری ہوئی حرکتوں سے سے اسحاق ڈار اور مسلم لیگ (ن) کے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔ ادھر مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ انہوں نے کہا آٹا، چینی چور مافیا کی سرپرستی وزیراعظم کر رہے ہیں۔ترجمان مسلم لیگ نون مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا عمران صاحب، آپ نے اپنے اے ٹی ایمز کو پورا موقع دیا، 48 گھنٹے گزر گئے، آٹا چینی چور مافیا کی اب تک تلاشی نہیں ہوئی، عوام کو ریلیف دینے کا جھوٹ بول کر اور انکوائری کا ڈرامہ کر کے لوگوں کو بیوقوف نہ بنائیں، عمران صاحب چھوٹے دکانداروں پر چھاپے مارنے سے اصل مافیا نہیں بچ سکتا۔

تازہ ترین