اسلام آباد(نمائندہ جنگ،آئی این پی) نیب نے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کوجے وی اوپل کیس میں 13فروری کو طلب کرلیا ہے، نیب راولپنڈی نے بلاول بھٹو کو زرداری گروپ کمپنی کا 2008 سے 2019 تک کا تمام ریکارڈ لانے کی ہدایت کی ہے اور ان سے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی لسٹ بھی طلب کی ہے،نیب کی جانب سے بلاول بھٹو زرداری کی طلبی پر پیپلزپارٹی نے شدید ردعمل کا اظہا ر کیا ہے،سینیٹر شیری رحمن نے کہا ہے کہ نیب کا نوٹس بلاول بھٹو زرداری کے مارچ میں احتجاج کے اعلان کا ردعمل ہے، جیسے ہی بلاول بھٹو حکومت کے خلاف کوئی اعلان کرتے ہیں، نیب نوٹس بھیج دیتا ہے، اوچھے ہتھکنڈوں سے ڈرنے والے نہیں، نیب کے پیچھے چھپنے سے عمران خان بچ نہیں سکتے،حکومت نیب کی ڈوریں ہلاکر سیاسی مخالفین کو انتقام کا نشانہ بنارہی ہے، بلاول بھٹو زرداری ملک کے بہادر لیڈر ہیں، اوچھے ہتھکنڈوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں۔