اسلام آ باد(نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ پیسہ لگانے والے سود کے ساتھ وصول کررہے ہیں، وزیراعظم آٹا چینی بحران پیدا کرنیوالوں کو پکڑنے کیلئے تیار نہیں، جہاں پیاروں کی بات آتی ہے، حکومت گونگی بہری اور اندھی ہوجاتی ہے۔ وزیراعظم کے پیارے آٹے چینی کا بحران پیدا کرنے میں ملوث ہیں۔ دنیا جانتی ہے کہ ان پیاروں کو سزا دینا کتنا مشکل ہے۔ جب تک پیاروں کا احتساب نہیں ہوتا، ملک میں احتساب کا نظام کامیاب نہیں ہوسکتا۔ 18 ماہ میں ملک پر گیارہ ہزار ارب کا قرضہ چڑھانے والی حکومت اب قومی اداروں کو بیچ کھانے پر تلی بیٹھی ہے، یہی حکومت رہی تو خدشہ ہے کہ یہ قائداعظم ؒ اور علامہ اقبالؒ کے مزاروں پر برائے فروخت کے بورڈ نہ لگوا دے۔ پیسہ لگانے والے سود کے ساتھ وصول کررہے ہیں،جون آنے میں ابھی چار ماہ باقی ہیں مگر آئی ایم ایف کے کارندوں نے ملک کا بجٹ بنانا شروع کردیاہے اور اس بجٹ کا اصل ہدف آئی ایم ایف کے قرضوں کا سود دینا ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکاءسے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔