• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فیروز خان نے ایک شو میں اپنی زندگی میں ہونے والی تبدیلیوں سے آگاہ کیا


پاکستان ٹی وی و فلم انڈسٹری کے معروف اداکار کی جانب سے اچانک انسٹاگرام اکاؤنٹ کے ڈیلیٹ کئے جانے اور اہلیہ کی جانب سے روحانی سفر کے لیے نیک تمناؤں کے پیغام نے فیروز کے مداحوں کو حیرت میں مبتلا کردیا ہے۔

حال ہی میں فیروز خان نے  ایک ٹی وی پروگرام میں شرکت کی تھی جس میں انہوں نے اپنی زندگی میں ہونے والی تبدیلی سے متعلق آگاہ کیا تاہم شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی۔

انہوں نے اپنی زندگی میں تبدیلی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم سب نے اللہ تعالی کو  راضی  کرنا ہے، ہم سب ہمیشہ ہی بس کسی ایسی چیز کی تلاش میں ہوتے ہیں جس سے اللہ راضی ہوجائے۔

انہوں ساتھی اداکار بلال عباس کو اپنا چشم کشا قرار دیتے ہوئے بتایا کہ ’ایک بار بلال نے مجھ سے پوچھا کہ مرنے کے بعد اللہ سوال کرے گا کہ تمھارے پاس پیسے ہونے کے باوجود حج کی سعادت حاصل کیوں نہ کی تو یہ سوال کچھ دن میرے ذہن میں گردش کرتا رہا۔

اس سوال نے میری سوچ کے زاویے کو تبدیل کیا، ایک دم ہی کچھ چیزیں مجھے ناخوش کرنے لگیں اور مجھے عبادت کرنے اور ذکر کرنے میں خوشی ملنا شروع ہوگئی۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہم رزق کی جگہ رازق کو تلاش کریں تو وہ زیادہ بہتر ہے۔

انہوں نے مداحوں کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ انسان کو دولت ، شہرت نہیں بلکہ صراط مستقیم مانگنی چاہئے۔

دوسری جانب فیروز خان کی اہلیہ علیزے اور بہن حمیمہ ملک نے فیروز کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کر چکی ہیں۔

فیروز خان کی اہلیہ علیزے نے اپنے شوہر پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے اپنا ایک پیغام شیئر کیا تھا جس میں اُن کا کہنا تھا کہ’ یہ روحانی سفر فیروز کی زندگی میں مزید اعتماد لائے اور اُن کے مقصد کی تکمیل ہو۔‘

فیروز خان کی بہن اور معروف اداکارہ حمیمہ ملک نے اپنی ایک انسٹاگرام پوسٹ میں بھائی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جسے رب مل جائے اسے سب مل جاتا ہے۔

واضح رہے کہ جیو ٹی وی کے ڈرامے ’خانی‘ سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والے فیروز خان کا ڈرامہ ’عشقیہ‘ آج کل نجی چینل سے آن ائیر ہو رہا ہے، جبکہ عیدالفطر میں ریلیز ہونے والی فلم ’ٹچ بٹن‘ میں بھی فیروز خان اپنی اداکاری کے جوہر دکھائیں گے۔

تازہ ترین