• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نہر خیام پارک منصوبہ: حکومت سندھ، ماہرین تعمیرات اور ڈونرز کا معاہدہ طے پاگیا

نہر خیام پارک منصوبہ: حکومت سندھ، ماہرین تعمیرات اور ڈونرز کا معاہدہ طے پاگیا


کراچی کے علاقے کلفٹن میں نہر خیام پارک کے قیام اور علاقے کی خوبصورتی بڑھانے کے لیے منصوبے سے متعلق حکومت سندھ، ماہرین تعمیرات اور ڈونرز کی تنظیم کے درمیان معاہدہ طے پاگیا۔

اس معاہدے کے تحت دیسی، پائیدار 'ریڈ بیڈ' ٹیکنالوجی کے ذریعے نہر میں بہنے والے گندے پانی کو صاف کرنے کے بعد ایک کلو میٹر لمبی نہر کے دونوں اطراف پودے لگانے اور جاگنگ ٹریک سمیت عوام کو تفریح کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

پیپل اینڈ نیچر انیشی ایٹیو (پی اے این آئی) نامی این جی او کی جانب سے شاہد عبد اللّٰہ جبکہ بلدیہ عظمیٰ کی جانب سے میئر کراچی وسیم اختر، صوبائی سیکریٹری بلدیات اور کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے ڈی جی نے معاہدے پر دستخط کئے۔

پینی نامی این جی او کراچی کے ماہرین تعمیرات اور مخیر حضرات پر مشتمل ہے۔ اس نے تجویز دی ہے کہ دیسی، پائیدار 'ریڈ بیڈ' ٹیکنالوجی کے ذریعے نہر میں بہنے والے گندے پانی کو صاف کیا جائے۔

ایک کلو میٹر لمبی نہر کے دونوں اطراف درخت اور جھاڑیوں کے پودے لگانے اور جاگنگ ٹریک بنایا جائے گا، جس سے اہلیان کراچی کو تفریحی سہولیات مل سکیں گی۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سیوریج کے پانی کو صاف کرنا اور آلودگی کو روکنا ایک اہم مسئلہ تھا تاکہ شہر کے مرکز میں اربن فاریسٹ بنایا جاسکے، جس سے عوام ہرے بھرے اور صاف ستھرے ماحول سے لطف اندوز ہوسکیں۔

معاہدے پر دستخط کرنے سے متعلق اجلاس میں وزیر بلدیات سید ناصر شاہ، مشیر برائے وزیراعلیٰ مرتضی وہاب، میئر کراچی وسیم اختر، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری ساجد جمال ابڑو، سیکریٹری بلدیاتی گورنمنٹ روشن شیخ، ایم ڈی واٹر بورڈ اسد اللّٰہ خان، ڈی جی کے ڈی اے ڈاکٹر سید سیف الرحمٰن، آرکیٹیکٹ حمیر سومرو، صدر پی اے این آئی شاہد عبد اللّٰہ اور سیکریٹری جمیل یوسف نے شرکت کی۔

حکومت اور این جی او پینی کے مابین معاہدے پر وزیراعلیٰ ہاؤس میں دستخط ہوئے۔

تازہ ترین