• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

بلاول نیب میں پیش، سوالنامہ دیدیا گیا، چیف جسٹس نے بھری عدالت میں بیگناہ کہا، بلاول

چیف جسٹس نے بھری عدالت میں بیگناہ کہا، بلاول


اسلام آباد (نمائندہ جنگ/ٹی وی رپورٹ) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری جے وی اوپل کیس میں نیب کے سامنے پیش ہوگئے، بلاول بھٹو کو نیب کی جانب سے 30 سوالات پر مشتمل سوالنامہ دے کر 2 ہفتے میں جواب جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ جمعرات کو نیب راولپنڈی نے انہیں طلب کر رکھا تھا، ان سے زرداری گروپ آف کمپنیزکا ریکارڈ اور بورڈ آف ڈائریکٹرز کی فہرست بھی طلب کی گئی تھی۔ ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو نے نیب ٹیم کو کہا انہیں کاروباری معاملات کا علم نہیں ہے۔بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس نے بھری عدالت میں بیگناہ کہا، دباؤ کے باوجود اپنی جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، اگر میں گرفتار ہوا تو آصفہ بھٹو میری آواز ہوگی۔ پیشی کے بعد میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ قانون کی حکمرانی اور اداروں کا احترام کرتے ہیں، اس لیے اعتراض کے باوجود نیب میں پیش ہوا ، ان کو پتا ہے میں کبھی کاروباری سرگرمی میں شامل نہیں رہا، میرا مؤقف کل جو تھا آج بھی وہی ہوگا کہ میں بے گناہ ہوں، یہ سیاسی انتقام اور کردار کشی کی مہم ہے جس سے وہ جمہوری قوتوں کو بدنام کرنا چاہتے ہیں، عمران خان کو کہنا چاہوں گا کہ ہم آپ کے پی ٹی آئی ایم ایف بجٹ کو نہیں مانتے، اسے پھاڑ کر اڑا دیں گے، آپ نے سفید پوش طبقے کا معاشی قتل کردیا ہے اور پھر کہتے ہیں قبر میں سکون ملے گا،ہم یہ ظلم اور معاشی قتل مزید برداشت نہیں کرسکتے، جو بھی دھمکی اور دباؤ ہو، پیپلزپارٹی کا کوئی کارکن پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اپوزیشن لیڈرکا عہدہ قائد ایوان کے عہدے جتنا اہم ہے لیکن افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ معاشی، کشمیر، دہشتگردی اور سیاست کا معاملہ ہو، اپوزیشن لیڈر اور قائد ایوان اسمبلی میں نہیں ہوتے، امید ہے اپوزیشن لیڈر ملک میں جلد ہوں گے اور اپنا کردار ادا کریں گے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ ہم گرفتاریوں کے خلاف ہیں، اگر میں گرفتار ہوا تو آصفہ بھٹو میری آواز ہوں گی۔

تازہ ترین