اسلام آباد (نمائندہ جنگ ،این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے ترک صدر رجب طیب اردوان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ صدر اردوان امت مسلمہ کی حمیت وغیرت اور جرات کی علامت ہیں، پاکستانی قوم رجب طیب اردوان کو پاکستان آنے پر خوش آمدید کہتی ہے، میں سابق وزیراعظم نوازشریف کے علاج معالجے کے باعث لندن میں ہوں، پاکستان آمد پر آپ اور آپکے وفد کیلئے نیک تمناوں کا اظہارکرتے ہیں، نوازشریف، مسلم لیگ (ن)، اپوزیشن اور پوری قوم کی جانب سے ترک صدر کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار کرتے ہیں، شہبازشریف نے کہاکہ پاکستان اور ترکی دو بااعتماد بھائی ہیں، دونوں ممالک کے عوام میں محبت، اخوت اور اعتماد کا رشتہ استوار ہے، مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام پر بھارتی مظالم کیخلاف آواز اٹھانے پر پاکستانی عوام خاص طور پر صدر اردوان کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں، پاکستان اور کشمیریوں کی غیر مشروط حمایت غیور و جراتمند ترک قیادت اور عوام کے خلوص کا مظہر ہے، پارلیمان آمد پر مسلم لیگ (ن) اور اپوزیشن اراکین صدر اردوان کا شایان شان استقبال کرینگے۔دریں اثناءشہباز شریف نے بزرگ کشمیری رہنما سید علی گیلانی کی صحت کیلئے قوم سے دعا کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ سید علی گیلانی چلتا پھرتا پاکستان ہیں ،انکی شدید علالت پوری قوم کیلئے باعث پریشانی و فکر ہے، سید علی گیلانی مرد درویش اور مرد آہن ہیں، ہم انہیں اپنے سر کا تاج سمجھتے ہیں ، حکومت پاکستان انکے بیرون ملک علاج کیلئے اقوام متحدہ میں آواز اٹھائے۔