• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شوہر کو قتل کرنیوالی بیوی اور آشنا کو سزائے موت

کراچی(اسٹاف رپورٹر) آشنا کے ساتھ ملکر شوہر کو قتل کرنے والی بیوی کو سزائے موت سنادی گئی۔عدالت نے آشنا کو بھی سزائے موت سنادی۔ ملزمان نے اعتراف جرم کرلیا۔ شریک ملزم کو عدالت نے عمر قید کی سزا سنادی۔ سرکار کی طرف سے پراسیکوٹر محمد کلیم اللہ نے پیروی کی۔تفصیلات کے مطابق ضلع جنوبی کی ماڈل کورٹ کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کامران عطا سومرو نے قتل کیس میں ملوث ملزمہ عائشہ، اس کے آشنا رضا علی شاہ گیلانی کو جرم ثابت ہونے پر سزائے موت کا حکم سنادیا۔ عدالت نے ملزمان کو مقتول کے ورثا کو تین،تین لاکھ روپے ہرجانہ ادا کرنیکا بھی حکم دیا ہے۔ عدم ادائیگی پر ملزمان کو مزید چھ،چھ ماہ قید کی سزا بھگتنا ہوگی۔ ڈکیتی کے الزام میں عدالت نے ملزمان کو دس،دس سال قید اور پچاس،پچاس ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے۔ جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں ملزمان کو مزید تین،تین ماہ قید کی سزا بھگتنا ہوگی۔ شریک ملزم رحیم شاہ کو عدالت نے کم عمری کی بنا پر عمر قید اور مقتول کے ورثا کو تین لاکھ روپے ہرجانہ ادا کرنیکا حکم دیا ہے۔ ہرجانہ ادا نہ کرنے پر ملزم کو مزید چھ ماہ قید کی سزا بھگتنا ہوگی۔ ڈکیتی کے الزام میں ملزم کو دس سال قید اور پچاس ہزار روپے جرمانہ کی سزا بھی سنائی گئی۔ جرمانہ ادا نہ کرنے پر ملزم کو مزید تین ماہ قید کی سزا بھگتنا ہوگی۔ دونوں سزائیں ساتھ چلیں گی۔ استغاثہ کے مطابق ملزمہ عائشہ کے اپنے آشنا رضا علی شاہ گیلانی کے ساتھ تعلقات تھے۔ دونوں نے شریک ملزم کے ساتھ ملکر مقتول وسیم اقبال کو ہاتھ،پاؤں باندھ کرچھری سے قتل کیا۔ قتل کرنے کے بعد ملزمان نے واقعے کو ڈکیتی کا رنگ دینے کی کوشش کی۔
تازہ ترین